بدھ 16 اپریل 2025 - 15:28
ناصر ابو شریف کا جمکران میں احتجاجی خطاب: ۴۴ دنوں سے غزہ میں پانی، خوراک اور دوائیں میسر نہیں

حوزہ/ اسلامی جہاد فلسطین کے نمائندے ناصر ابو شریف نے مسجد جمکران میں منعقدہ عظیم عوامی اجتماع "أنا علی العهد" سے خطاب کرتے ہوئے غزہ کی مظلوم عوام پر جاری اسرائیلی مظالم پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جہاد فلسطین کے نمائندے ناصر ابو شریف نے مسجد جمکران میں منعقدہ عظیم عوامی اجتماع "أنا علی العهد" سے خطاب کرتے ہوئے غزہ کی مظلوم عوام پر جاری اسرائیلی مظالم پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا: "ہم ۱۸ ماہ سے غزہ میں ظلم، نسل کشی، بھکمری کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ ۴۴ دنوں سے پانی، خوراک اور دوا کا داخلہ بھی غزہ میں بند ہے۔"

ناصر ابو شریف نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا عدل کی دنیا نہیں، بلکہ وہ دنیا ہے جسے ایک پاگل شخص (ٹرمپ) چلاتا ہے، اور جس کے پیچھے عالمی صہیونیت کھڑی ہے۔ عرب دنیا کے حکمران بھی اس ظلم پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے امام زمانہ (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) اور قدس کے درمیان موجود روحانی و روایتی ربط کا ذکر کرتے ہوئے کہا: "حضرت مہدی (عج) کا ظہور دجالِ زمانہ، یعنی امریکی، یورپی اور صہیونی سازشوں کے خلاف ایک حتمی قیام ہو گا۔"

ناصر ابو شریف نے دنیا کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قم کی سڑکوں پر ہونے والا اجتماع صرف ایک ریلی نہیں، بلکہ یہ عہد، پیغام اور وعدہ ہے کہ ہم غزہ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ لیکن افسوس کہ دنیا یا تو غزہ کے خلاف سرگرم ہے یا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عرب دنیا کی عوام اسرائیل سے نفرت کرتی ہے، لیکن ان کے حکمران ذاتی مفادات کی خاطر اسرائیل سے تعلقات قائم کر رہے ہیں۔ "علمائے اسلام کہاں ہیں؟ کیوں خاموش ہیں؟"

جہاد اسلامی کے نمائندے نے کہا کہ عالم اسلام اور مسلمان بیدار ہوں، کیونکہ صہیونی اور مغربی منصوبے صرف فلسطین کو ختم کرنے کے لیے نہیں بلکہ پورے اسلامی تشخص اور مزاحمتی امت کو مٹانے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی تحقیقی ادارے کھلے عام اسلام کو دشمن قرار دیتے ہیں اور اسلامی اقدار کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر ناصر ابو شریف نے قرآن کریم کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے زور دیا کہ: "جس طرح ہمارے دشمن متحد ہیں، ہمیں بھی یکجا ہونا ہو گا۔ قرآن کی روشنی میں مشرکین کے خلاف کھڑے ہوں اور مظلوموں کی حمایت میں پوری قوت کے ساتھ میدان میں آئیں۔"

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha