حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید نے کہا: اسرائیلی فوج کی جانب سے لاکھوں فلسطینیوں کو جبراً ان کے گھروں سے نکال کر سمندر کے کنارے ایک تنگ علاقے میں دھکیلنا سراسر نسل کشی کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا: اسرائیل جس منصوبہ بندی سے غزہ کے عوام پر زمین تنگ کر کے قحط، بیماری اور بے گھری کی طرف دھکیل رہا ہے، وہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب نے مزید کہا: اسرائیلی وزیر دفاع کے غزہ کو سکیورٹی زون میں تبدیل کرنے اور رضاکارانہ ہجرت جیسے بیانات دراصل ایک مذموم سازش ہیں تاکہ فلسطینیوں کو ہمیشہ کیلئے ان کی سرزمین سے بے دخل کیا جا سکے لیکن ان کی یہ مذموم کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا: غزہ اہل فلسطین کا ہے اور انہی کا رہے گا، اسرائیلی حملوں پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی اس ظلم میں برابر کی شریک ہے۔ غزہ میں 37 فیصد ضروری ادویات کی کمی، کینسر کے مریضوں کی بے بسی، اور امدادی سامان کی بندش انسانیت کے منہ پر طمانچہ ہے، حکومتِ پاکستان اور عالم اسلام فوری طور پر مشترکہ حکمت عملی اپنائیں اور اسرائیل کے خلاف سفارتی، تجارتی اور سیاسی سطح پر سخت اقدامات کیے جائیں۔ فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرنا ہماری دینی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔









آپ کا تبصرہ