جمعرات 17 اپریل 2025 - 19:13
متحدہ علماء فورم جی بی: گلگت بلتستان کے تمام قدرتی وسائل، وہاں کے باسیوں کی ملکیت ہیں

حوزہ/متحدہ علماء فورم گلگت بلتستان کے صدر حجت الاسلام صادق حسین مناری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کو فروخت کرنے کی ہر سازش کا مقابلہ کریں گے اور ہم ایسے ہر قسم کے ارادوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، متحدہ علماء فورم گلگت بلتستان کے صدر حجت الاسلام صادق حسین مناری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کو فروخت کرنے کی ہر سازش کا مقابلہ کریں گے اور ہم ایسے ہر قسم کے ارادوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے تمام قدرتی وسائل، زمین دریا، گلیشرز، جنگل، معدنیات اور دھاتیں گلگت بلتستان کے عوام کی ملکیت ہیں جن کو فروخت کرنے کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا قرضہ اتارنے کے لیے گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کی خرید و فروخت کا منصوبہ بنانے سے پہلے حکومت کو چاہیے کہ اس خطے کے عوام کی آئینی محرومیوں کا ازالہ کرے! گلگت بلتستان کی معدنیات کا استخراج اور فروخت کرنا یہاں کے باسیوں کا بنیادی حق ہے اور اگر حکومت یہاں کے عوام کے ساتھ مخلص ہے اور علاقے کی ترقی چاہتی ہے تو پھر مقامی تعلیم یافتہ افراد کو مناسب تربیت دیکر استخراج اور پروسیسنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی فراہم کرے، تاکہ علاقے کے عوام ان معدنیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں اور اس سے پورے ملک کو فائدہ پہنچے گا۔

حجت الاسلام صادق حسین مناری نے کہا کہ گلگت بلتستان کا کوئی فرد اپنے قدرتی وسائل کسی بیرونی یا غیر مقامی کمپنی کے حوالے کرنے کی سازش کا حصّہ نہ بنے اور ایسی ہر سازش کے سامنے دیوار بن کر عوامی مفادات کا تحفظ کرے اور ہم آپس میں اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل دیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha