ہفتہ 1 نومبر 2025 - 15:40
گلگت بلتستان کو باقاعدہ صوبہ ڈکلیئر کیا جائے

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: گلگت بلتستان ملک کا اہم اور حساس ترین خطہ ہے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ اس خطے کو اب تمام آئینی حقوق دے کر باقاعدہ صوبہ ڈکلیئر کیا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یکم نومبر 1947ء گلگت بلتستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر جاری پیغام میں کہا: یوم آزادی گلگت بلتستان پر تمام قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ خطہ کے عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا: گلگت بلتستان ملک کا اہم اور حساس ترین خطہ ہے۔ وقت کی ضرورت ہے کہ اس خطے کو اب تمام آئینی حقوق دے کر باقاعدہ صوبہ ڈکلیئر کیا جائے۔

قائد ملت جعفریہ نے مزید کہا: ایگزیکٹو آرڈر 2018ء کے بعد تمام مجوزہ اقدامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔ یکم نومبر 1947ء سرزمین گلگت بلتستان کی ڈوگروں سے آزادی کا دن ہے اور یہ دن گلگت بلتستان کے عوام کی بہادری، اتحاد اور آزادی کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا: گلگت بلتستان کے بہادر رہنماؤں اور مقامی قبائل نے اس تحریک کو کامیاب بنایا اور اپنی سرزمین کو آزاد کروایا۔ اس موقع پر ان تمام قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا: گلگت بلتستان کے لئے تمام سبسڈیز اور سہولیات برقرار رکھی جائیں اور خطہ کے عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان کی امنگوں کے مطابق تمام فیصلے کئے جائیں۔

انہوں نے کہا: کسی بھی خطے میں تمام آئینی و قانونی اقدامات اس وقت اٹھائے جاتے ہیں جب اس خطے کو تمام آئینی و قانونی حقوق فراہم کئے جائیں لہٰذا وقت کی ضرورت ہے کہ گلگت بلتستان جو ایک عرصہ سے سرزمین بے آئین ہے، اسے قومی دھارے میں باقاعدہ شامل کیا جائے اور اسے آئینی حقوق فراہم کرتے ہوئے پارلیمنٹ اور سینیٹ میں نمائندگی دی جائے۔

قائد ملت جعفریہ نے مزید کہا: حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں اور ان کی تمام جائز ضروریات کا خیال رکھیں۔

یاد رہے کہ یکم نومبر 1947ء کو گلگت بلتستان کے عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی تھی۔ یکم نومبر کو گلگت کا خطہ آزاد ہوا تھا، جبکہ 14 اگست 1948ء کو بلتستان کے عوام نے بھی ڈوگروں کو مار بھگا کر آزادی حاصل کی تھی۔

گلگت بلتستان کے 78 ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے آج جی بی کے تمام اضلاع میں جشنِ آزادی کی تقاریب منعقد ہوں گی جبکہ آج خطے بھر میں عام تعطیل ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha