حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدرِ ملی یکجہتی کونسل گلگت بلتستان علامہ شیخ میرزا علی نے گلگت میں اہل سنت کے امیر مولانا قاضی نثار احمد پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی شدت سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں اتحاد اور قومی یکجہتی کی فضاء کے قیام میں تمام مسالک نے نمایاں کردار ادا کیا ہے جس میں امیر اہل سنت والجماعت قاضی نثار احمد کا کلیدی کردار ہے بالخصوص قومی مطالبات کو پیش کرنے میں صف اول کا کردار پایا ہے ایسے میں ان پر بزدلانہ و شرمناک قاتلانہ حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے باسیوں بالخصوص تمام مسالک سے صبر و تحمل کے مظاہرے کی اپیل کرتے ہیں اور صوبائی حکومت اور انتظامیہ سے سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے حقیقی ملزموں کی گرفتاری اور قرار واقعی سزا کا مطالبہ کرتے ہیں۔

شیخ میرزا علی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل گلگت بلتستان کے تمام ممبر جماعتوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ سازش کو سمجھتے ہوئے خطے کی بھائی چارگی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ مولانا قاضی نثار احمد پر فائرنگ کے واقعے کی گلگت بلتستان کے عوام سمیت علمائے کرام اور سوشل ایکٹوسٹ مذمت کر رہے ہیں اور اسے تیسری قوت کی طرف سے گلگت بلتستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا جا رہا ہے۔









آپ کا تبصرہ