حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی جامع مسجد سکردو کے امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن جعفری کے پیغامِ وحدت کا متن مندرجہ ذیل ہے۔
بسم الله الرحمٰن الرحیم
الحمد لله رب العالمین، والصلاة والسلام علی سید الانبیاء والمرسلین محمد و آلہ الطاہرین و اصحابه المنتجبین الاجمعین.
ہفتۂ وحدت، جو 12 ربیع الاوّل تا 17 ربیع الاوّل تک منایا جاتا ہے، دراصل امت مسلمہ کے اتحاد اور اخوت کا مظہر ہے۔ یہ وہ مبارک ایام ہیں جن میں ہم اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی ولادتِ باسعادت کو عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں اور ساتھ ہی یہ عہد کرتے ہیں کہ ان کی سیرتِ طیبہ کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کا محور بنائیں گے۔
امام خمینیؒ نے ہفتۂ وحدت کے اعلان کے ذریعے عالم اسلام کو یہ پیغام دیا کہ امت کو فرقہ وارانہ اختلافات سے بالاتر ہو کر اسلام کی اصل روح یعنی اخوت، بھائی چارہ اور وحدت کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔ قرآن مجید کی واضح ہدایت ہے: وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِیعًا وَلَا تَفَرَّقُوا.(آل عمران: 103) اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقہ مت ڈالو۔
آج امت مسلمہ کو درپیش تمام مسائل چاہے وہ فلسطین سمیت دیگر ممالک کی مظلومیت ہو یا اسلاموفوبیا اور استعماری سازشیں، سب کا واحد حل، اتحاد و یکجہتی ہے۔ جب مسلمان ایک دوسرے کے ساتھ بھائی کی طرح کھڑے ہوں گے تو کوئی طاقت انہیں کمزور نہیں کر سکے گی۔
میں پاکستان اور خصوصاً گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ ہفتۂ وحدت کو نہ صرف ایک مذہبی فریضہ سمجھ کر منائیں، بلکہ اسے عملی طور پر اتحاد بین المسلمین کے فروغ کا ذریعہ بنائیں۔ مساجد، مدارس، امام بارگاہوں اور اجتماعات میں ایسے پروگرام منعقد ہوں جو ہمیں قریب لائیں، دور نہ کریں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو امت کی سربلندی، پاکستان کی ترقی اور محروم و مظلوم طبقات کی خدمت کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کی توفیق عطا فرمائے۔آمین ثم آمین
والسّلام
امام جمعہ سکردو شیخ محمد حسن جعفری









آپ کا تبصرہ