حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دی سیٹ ایجوکیشن سسٹم سکردو بلتستان میں یومِ حسین علیہ السلام انتہائی مذہبی عقیدت، احترام اور روحانی ماحول میں منایا گیا، اس بابرکت تقریب کے مہمانِ خصوصی جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر شیخ علی نقی جنتی اور نور بخشیہ کے امام جمعہ مفتی نور الدین تھے۔
پروگرام کا آغاز اسکول کے طالب علم ضمیر نے تلاوتِ کلامِ الٰہی سے کیا، بعد ازاں اسکول کے طلبہ و طالبات نے پرسوز سلام و نوحہ خوانی سے ماحول کو کربلائی رنگ دے دیا۔
اس موقع پر ننھے بچوں نے امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظمت پر مدلل تقاریر پیش کیں، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
اس موقع پر مفتی نور الدین نے تعلیم و تربیت کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر تعلیم کے ساتھ تربیت نہ ہو تو ہم کچھ حاصل نہیں کر سکتے۔" ہمارے سکولوں میں صرف دنیوی تعلیم پر تاکید کی جاتی ہے، لیکن دی سیٹ ایجوکیشن سسٹم نے دینی اور دنیوی تعلیم کو جوڑ کر ایک اچھا سلسلہ قائم کیا ہے اور یہ نہایت ضروری ہے۔
نور بخشیہ کے مہتمم اعلیٰ بابو دولت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ ذوالفقار علی انصاری اتحاد امت کے حوالے سے بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ اور آج ان کے ادارے کو دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہم شیخ صاحب کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ۔
جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر شیخ علی نقی جنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھ رہا تھا یہ صرف ایک اسکول ہے، لیکن اندر آ کر معلوم ہوا کہ یہ تو ایک روحانی و فکری تربیت گاہ ہے۔" یہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ہمیں ان کی تربت کرکے امام زمانہ علیہ السّلام کے لیے سپاہی تیار کرنا ہے۔
آخر میں دی سیٹ ایجوکیشن کے ڈائریکٹر حجت الاسلام شیخ ذوالفقار علی انصاری نے تمام مہمانانِ گرامی، علمائے کرام اور طلبہ و طالبات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ عزاداری، تربیت اور شعور کا حسین امتزاج ہے جو معاشرے میں حقیقی تبدیلی لا سکتا ہے اور ہمارے ادارے میں ہر سال حضرت امام حسین علیہ السّلام کی فکر کی ترویج کے لیے یومِ الحسین کا انعقاد کبا جاتا ہے اور مختلف مکاتبِ فکر کے علماء امام حسین کی سیرت پر روشنی ڈالتے ہیں۔









آپ کا تبصرہ