ہفتہ 30 اگست 2025 - 04:23
آئینی حقوق کے بغیر ٹیکس قبول نہیں/ سیلاب زدگان کی مدد اولین ترجیح ہے: نائب امام جمعہ سکردو شیخ فدا حسن عبادی

حوزہ/انجمنِ امامیہ بلتستان کے نائب صدر اور نائب امام جمعہ مرکزی جامع مسجد سکردو حجت الاسلام شیخ فدا حسن عبادی نے خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی حقوق کے بغیر ٹیکس قبول نہیں کیا جائے گا اور اس وقت ہمارے لیے سیلاب زدگان کی مدد اولین ترجیح ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ امامیہ بلتستان کے نائب صدر اور نائب امام جمعہ مرکزی جامع مسجد سکردو حجت الاسلام شیخ فدا حسن عبادی نے خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی حقوق کے بغیر ٹیکس قبول نہیں کیا جائے گا اور اس وقت ہمارے لیے سیلاب زدگان کی مدد اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ دوسروں کی تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھنا انسانِ کامل کی نشانی ہے، کہا کہ انجمنِ امامیہ بلتستان کے بیانیے کے مطابق، گلگت بلتستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے دل کھول کر تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے مگر عوام پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کا سہارا بنیں۔

نائب امام جمعہ سکردو شیخ فدا حسن عبادی نے وزیراعظم اور وزیر امور کشمیر کے حالیہ دورے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلتستان کو نظر انداز کرنا ناانصافی ہے۔

انہوں نے گلگت بلتستان میں غیر قانونی ٹیکسوں کے نفاذ کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ 78 برس سے ہم آئینی حقوق سے محروم ہیں؛ اس کے باوجود اس وطن کے لیے ہم نے قربانیاں دیں اور آئندہ بھی دیں گے، لیکن آئینی حقوق دیئے بغیر کسی قسم کا ٹیکس ہم قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے ستَک روڈ پر قائم ٹول پلازے کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر یہ نہ ہٹایا گیا تو عوام اسے خود ہٹا دیں گے اور حالات کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔

نائب امام جمعہ سکردو نے چلاس چیک پوسٹ پر سیکیورٹی اداروں پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی خطے کے امن کو خراب کرنے کی سازش ہے، لہٰذا مجرموں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

انہوں نے شغرتھنگ روڈ منصوبے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک علاقے کی شہ رگِ حیات ہے، اس پر فوری کام شروع ہونا چاہیے ورنہ عوام خاموش نہیں رہیں گے۔

شیخ حسن عبادی نے طویل لوڈ شیڈنگ پر بھی صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سردی شروع ہوتے ہی لوڈ شیڈنگ کا بڑھ جانا محکمہ برقیات کی نااہلی اور نمائندوں کی بے حسی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha