حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تحریک سکردو کے جنرل سکریٹری شیخ احمد ترابی نے کہا ہے کہ شغرتھنگ استور روڈ کا ٹینڈر 17 جولائی کو کھولنے کا اعلان سامنے آنے کے بعد مافیاز ایک بار پھر سرگرم ہو گئے ہیں اور یہ لوگ ذمہ داروں پر ٹینڈر ملتوی کرانے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں، ٹینڈر ملتوی نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں، اس بار کسی بھی وجہ سے ٹینڈر ملتوی کیا گیا تو اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔
مقامی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شغرتھنگ استور روڈ کے حوالے سے انجمن تاجران جو بھی فیصلہ کرے گی ہم بھرپور حمایت کریں گے، شغرتھنگ استور روڈ ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔
اس کا ٹینڈر 17 جولائی کو کھولنے کا حکومتی اعلان نہایت ہی خوش آئند ہے، ہم چاہتے ہیں کہ مقررہ تاریخ کو ٹینڈر کھولا جائے اور چودہ اگست تک منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے، منصوبے کو التواء میں ڈالنے کی کسی بھی سازش کو بے نقاب کیا جائے گا۔









آپ کا تبصرہ