حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ سکردو علامہ شیخ محمد حسن جعفری کے تعزیتی پیغام کا متن مندرجہ ذیل ہے۔
بسم الله الرحمٰن الرحیم
إنا لله و إنا إليه راجعون
وَلَا تَحۡسَبَنَّ ٱلَّذِينَ قُتِلُواْ فِي سَبِيلِ ٱللَّهِ أَمۡوَٰتَۢاۚ بَلۡ أَحۡيَآءٌ عِندَ رَبِّهِمۡ يُرۡزَقُونَ. (آلِ عمران: 169)
چلاس کی وادی ہڈور کے سامنے شاہراہِ قراقرم پر رات گئے نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے جی بی اسکاؤٹس چیک پوسٹ پر حملے اور اس کے نتیجے میں دو بہادر جوانوں کی شہادت اور تین کے شدید زخمی ہونے کی المناک خبر نے دلوں کو غم و اندوہ سے بھر دیا ہے۔

وطنِ عزیز کی حفاظت کرنے والے شہداء قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں؛ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
یہ حملے دراصل ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہیں، جو ہمارے اتحاد، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ مگر ہم سب کو مل کر ان ناپاک عزائم کو ناکام بنانا ہوگا ہے۔
پاک فوج اور جی بی اسکاؤٹس کے جوانوں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطنِ عزیز کی حفاظت کی ہے۔ ان شہداء کا خون ہم پر قرض ہے کہ ہم ہر قسم کی فرقہ واریت، تعصب اور بدامنی سے بالاتر ہوکر ایک دوسرے کے دست و بازو بنیں۔
ہم حکومتِ پاکستان اور حکومتِ گلگت بلتستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ حملہ آوروں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لائے اور زخمی جوانوں کے علاج و معالجے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑے۔
آخر میں ہم شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے دعا کرتے ہیں۔
ہم سب پر لازم ہے کہ ہم اتحاد و یکجہتی کو اپنی طاقت بنائیں۔ دشمن ہمیں تقسیم کرکے کمزور کرنا چاہتا ہے، لیکن ان شاء اللہ ہم شہداء کے خون کے صدقے پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد رہیں گے۔
واضح رہے علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے ایک بیان میں معروف معلم ڈی ڈی او گمبہ سکردو ماسٹر حسن چانڈیو مرحوم کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس عظیم شخصیت کے فقدان کو نہ صرف خاندان کے لیے، بلکہ پورے بلتستان کے لیے ایک بڑا سانحہ قرار دیا ہے۔










آپ کا تبصرہ