اتوار 31 اگست 2025 - 05:21
اسرائیل کی یمن پر بربریت، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی

حوزہ/جعفریہ سپریم کونسل مظفر آباد کشمیر کے چیرمین نے غاصب اسرائیل کے ظالمانہ حملوں میں یمنی وزیر اعظم کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عالم اسلام سے غاصب اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین جموں و کشمیر جعفریہ سپریم کونسل سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے انصار اللہ یمن کی انقلابی حکومت کے وزیراعظم احمد غالب الرہوی کی جمعرات کو ایک ورکشاپ کے دوران اسرائیلی فضائی حملے میں شہادت اور دیگر متعدد وزراء و حکومتی عہدیداران کے زخمی و شہید ہونے کی خبر پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں جموں و کشمیر جعفریہ سپریم کونسل کی جانب سے اس عظیم سانحے پر انصار اللہ یمن کی اعلیٰ انقلابی قیادت، بالخصوص سید عبدالملک بدر الدین الحوثی کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتا ہوں اور شہداء کے بلندیِ درجات و زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف اسرائیل کی بربریت اور دہشت گردی کی عکاسی کرتا ہے، بلکہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے۔ اسرائیل کے اس جارحانہ اقدام کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور دنیا کی حریت پسند اقوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ یمن کے عوام اور قیادت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں۔

زوار نقوی ایڈووکیٹ نے کہا کہ یمن کی غیور، صالح اور نڈر عوام اور ان کی قیادت نے جس جرأت اور بصیرت کے ساتھ مظلومینِ غزہ کی حمایت جاری رکھی ہے، اسرائیل کی بحری و فضائی ناکہ بندی کو کامیابی سے قائم رکھا ہے اور مزاحمت کے محاذ کو مضبوط کیا ہے وہ امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ہم یمنی عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے اس انقلابی اقدام پر انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یقیناً شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور یہ قربانیاں اسرائیل و استکبار کے زوال اور امتِ مسلمہ کی بیداری کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha