ہفتہ 30 اگست 2025 - 17:28
کاروان صمود؛ دنیا کی سب سے بڑا بحری کارواں غزہ کی طرف روانہ

حوزہ/ دنیا کا سب سے بڑا بحری کاروان "صمود" کے نام سے غزہ کی جانب روانہ ہونے کو تیار ہے جو صہیونی محاصرے کے خلاف ایک تاریخی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، دنیا کا سب سے بڑا بحری کاروان "صمود" کے نام سے غزہ کی جانب روانہ ہونے کو تیار ہے جو صہیونی محاصرے کے خلاف ایک تاریخی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

اس کاروان میں درجنوں جہاز اور سیکڑوں عالمی کارکن شامل ہیں جن کا تعلق 44 ممالک سے ہے۔ یہ بحری بیڑا 31 اگست کو بارسلونا اور 4 ستمبر کو تیونس و سسلی سے روانہ ہوگا۔ جہازوں میں غذائی اجناس، ادویات اور ضروری سامان موجود ہوگا۔ تقریباً 28 ہزار افراد نے شرکت کے لیے درخواست دی تھی جن میں سے چند سو کو منتخب کیا گیا۔

کاروان میں نمایاں شخصیات شریک ہیں، جن میں سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تونبرگ، امریکی اداکارہ سوزان ساراندن، پرتگالی رکن پارلیمان ماریانا مورطاگوا، آئرلینڈ کے سیاست دان پُل مورفی اور نیلسن منڈیلا کے نواسے انکوسی منڈیلا شامل ہیں۔ ایک کشتی پر صرف خواتین عملہ ہوگا جبکہ ایک اور کشتی میں امریکی فوج کے سابق فوجی شامل ہیں۔

اس قافلے کو ترتیب دینے والوں کے مطابق یہ کاروان صرف ایک علاقائی یا سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ عالمی سطح پر انسانی کرامت کے دفاع کی علامت ہے۔ الجزائر، پاکستان، ایران، ترکی، ملائشیا، برطانیہ، امریکہ، جنوبی افریقہ اور دیگر ممالک کی نمائندگی اس میں موجود ہے۔

فلسطینی منتظم سعید ابو کشک نے بارسلونا میں کہا کہ یہ صرف امداد کی فراہمی نہیں بلکہ اسرائیلی محاصرے کے خلاف سیاسی اور مدنی نافرمانی کی علامت بھی ہے اور حکومتوں کو چاہیے کہ اس کاروان کی حفاظت یقینی بنائیں۔

یاد رہے کہ 2010 میں اسرائیلی فوج نے ترکی کے جہاز ماوی مرمرہ پر حملہ کر کے 9 کارکنوں کو شہید کر دیا تھا، جس پر دنیا بھر میں شدید احتجاج ہوا تھا۔ حالیہ مہینوں میں بھی کئی کشتیوں کو اسرائیلی بحریہ نے روک لیا ہے۔

کاروان "صمود" اگر رکاوٹ کے بغیر آگے بڑھا تو ایک ہفتے میں غزہ پہنچ سکتا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف انسانی امداد کی فراہمی ہے بلکہ فلسطین کے ساتھ بے مثال عالمی یکجہتی کی ایک علامت بھی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha