اتوار 31 اگست 2025 - 10:38
اصحابِ رسولؓ کی سیرت امت مسلمہ کے لیے روشنی کا مینار ہے، مولانا سید ذہین علی نجفی

حوزہ/ مدائن بغداد میں اصحابِ رسولؓ کے مزارات پر کشمیر پاکستان کے زائرین نے حاضری دی اور حضرت سلمان فارسیؓ اور حضرت حذیفہ یمانیؓ کے مزاروں پر فاتحہ خوانی و دعائے خیر کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر پاکستان کی اسمبلی کے سابق امیدوار سید ذیشان حیدر، مولانا حافظ سید ذہین علی نجفی، علامہ ڈاکٹر ثاقب ہمدانی، سراج ہمدانی اور واجد عباس ہمدانی نے مدائن بغداد شریف میں اصحابِ رسولؓ حضرت سلمان فارسیؓ اور حضرت حذیفہ یمانیؓ کے مزاراتِ مقدسہ پر حاضری دی۔

حضرت سلمان فارسیؓ، جو رسول اکرم ﷺ کے جلیل القدر صحابی تھے، اپنی علم دوستی، حکمت اور اخلاص کے سبب تاریخِ اسلام میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔ مدینہ منورہ میں خندق کی کھدائی کے دوران ان کی دی گئی تجویز کو رسول اللہ ﷺ نے قبول فرمایا، جو اسلام کی عظیم حکمت عملیوں میں شمار ہوتی ہے۔ دوسری جانب حضرت حذیفہ یمانیؓ کو ''صاحبِ سرّ رسول ﷺ'' ہونے کا شرف حاصل تھا۔ آپؓ کو نفاق شناس اور اہلِ بصیرت کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے اور آپ کی روایات و اقوال اُمت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

صحابہ کرامؓ کی قبور پر حاضری محض ایک عقیدت نہیں، بلکہ ایمان کو تازگی بخشنے کا ذریعہ ہے۔ ان عظیم ہستیوں نے دینِ اسلام کے فروغ اور تحفظ کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں اور آج بھی ان کی سیرت و خدمات عالمِ اسلام کے لیے روشنی کا مینار ہیں۔

زائرین نے اس دوران امتِ مسلمہ کی یکجہتی، وطنِ عزیز پاکستان و جموں وکشمیر کی سلامتی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha