پیر 22 ستمبر 2025 - 19:43
کشمیر بھر میں مولانا افتخار حسین انصاریؒ کی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے

حوزہ/ سرینگر؛ آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن نے 30 ستمبر 2025 کو مولانا افتخار حسین انصاریؒ کی 11ویں برسی کے موقع پر مختلف پروگراموں کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سرینگر؛ آل جموں و کشمیر شیعہ ایسوسی ایشن نے 30 ستمبر 2025 کو مولانا افتخار حسین انصاریؒ کی 11ویں برسی کے موقع پر مختلف پروگراموں کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے مولانا انصاریؒ کو ایک دینی عالم، سماجی مصلح اور سیاسی رہنما کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جن کی خدمات نے جموں و کشمیر کے سماجی و دینی ڈھانچے پر دیرپا اثرات چھوڑے ہیں۔

یادگاری پروگراموں کے حصے کے طور پر ایسوسی ایشن نے ایک آرٹ مقابلے کا انعقاد کیا، جس میں نوجوانوں نے مرحوم رہنما کے پورٹریٹ بنائے۔ اس مقابلے میں نوجوانوں کی بھرپور شمولیت دیکھنے کو ملی، جس نے نئی نسل کو مولانا انصاریؒ کی میراث سے جڑنے کا موقع فراہم کیا۔

مزید برآں، ایسوسی ایشن نے سرینگر کے مختلف اہم مقامات پر مولانا انصاریؒ کی تصاویر پر مبنی سائن بورڈ بھی نصب کیے ہیں۔ ان میں اشفاق علی پرے کا ڈیزائن پولو ویو پر، اویس احمد ملک کا میکانائزڈ پارکنگ کے نزدیک، ندیم علی کا قمر واری چوک پر، مزمل حسین کا شالٹنگ میں، ارتقاء بازاز کا کشمیر یونیورسٹی میں اور نصرت پروین کا حسن آباد رینہ واری میں شامل ہیں۔ یہ سب خراجِ عقیدت مولانا انصاریؒ کی دہائیوں پر محیط دینی، سماجی اور سیاسی خدمات کی جھلک پیش کرتے ہیں۔

اس موقع پر ایسوسی ایشن کے ترجمان طیّب رضوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ"مولانا افتخار حسین انصاریؒ نے اپنی پوری زندگی قوم کی رہنمائی اور عوامی فلاح کے لیے وقف کی۔ ان کا پیغامِ اتحاد اور ترقی آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نئی نسل ان کی خدمات اور اقدار سے روشناس ہو۔"

واضح رہے کہ 30 ستمبر کو وادی بھر میں خصوصی دعائیہ محافل اور یادگاری مجالس کا انعقاد بھی کیا جائے گا جن میں علمائے کرام، سماجی رہنما اور پیروکار شامل ہوں گے، تاکہ مولانا انصاریؒ کو بحیثیتِ مصلح یاد کیا جائے اور ان کے پیغامِ خدمت و ذمہ داری کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا جائے۔

یاد رہے گیارہ برس گزر جانے کے باوجود مولانا افتخار حسین انصاریؒ آج بھی اپنی قیادت، فکری بصیرت اور دین و سماج کو جوڑنے کی صلاحیت کے باعث یاد کیے جاتے ہیں۔ ان کی میراث آج کے دور میں بھی اتنی ہی اہم اور رہنمائی فراہم کرنے والی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha