حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدرِ انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے آج "فرام کربلا ٹو ہیومینٹی" بلڈ ڈونیشن گروپ اور ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقدہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صدر موصوف نے خود بھی خون کا عطیہ پیش کرکے عملی طور پر انسانی ہمدردی اور ایثار و قربانی کی روایت کو اجاگر کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا ایک عظیم انسانی فریضہ ہے جس کے ذریعے قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ آج کے دور میں جہاں اسپتالوں اور مریضوں کو خون کی شدید ضرورت رہتی ہے، وہاں بلڈ ڈونرز کی خدمات انسانیت کے لیے نجات دہندہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے ایثار و قربانی کی تعلیم دی ہے اور کربلا کے عظیم واقعے نے یہ درس دیا ہے کہ دوسروں کی زندگی بچانا سب سے بڑی عبادت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے فلاحی اقدامات معاشرے کو مثبت سمت کی طرف لے جاتے ہیں اور نوجوانوں کو بھی اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
صدر انجمن شرعی شیعیان نے "فرام کربلا ٹو ہیومینٹی" بلڈ ڈونیشن گروپ اور ویلفیئر ٹرسٹ کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے معاشرے کی خدمت اور انسانیت کی بھلائی کے حقیقی جذبے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
آخر میں آغا صاحب نے عوام بالخصوص نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ بلڈ ڈونیشن مہم میں شریک ہو کر انسانیت کی خدمت کریں اور سماج میں ایک بہتر اور بامقصد کردار ادا کریں۔









آپ کا تبصرہ