حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر شریعت آباد یوسفؒ آباد بڈگام کے اہتمام سے اربعین حسینی کی مناسبت سے ایک عظیم الشان مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس کی صدارت معروف اسلامک اسکالر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے کی۔
قابل ذکر ہے کہ اس مجلس عزاء میں مومنین و مومنات کی بڑی تعداد نے اپنے گاؤں سے پیدل مارچ کر کے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز مرثیہ خوانی سے ہوا، جس میں انجمن سے وابستہ ذاکرین کرام نے نوحہ و مرثیہ خوانی کے ذریعے امام عالی مقام کی بارگاہ میں عقیدت کا اظہار کیا۔
مجلس کے اختتام پر آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے مومنین و مومنات سے موعظہ حسنہ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اربعین صرف ایک مذہبی رسم نہیں، بلکہ روح کی تربیت اور تزکیہ نفس کا بہترین موقع ہے۔ چہلم کے موقع پر انسان کو اپنے کردار، اعمال اور نیت کا محاسبہ کرنا چاہیے اور امام حسین علیہ السلام کی سیرت سے سبق لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا کے بعد حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے ظلم کے خلاف خطبات دے کر اس سانحے کو فراموش ہونے سے بچایا، اور اربعین اسی جدوجہد کی یاد ہے جو حضرت زینبؑ اور امام سجادؑ نے ظلم کے پردے چاک کرنے کے لیے کی۔
آغا صاحب نے مزید کہا کہ: "و بذل مهجته فیک لیستنقذ عبادک من الجهالة و حیرة الضلالة" — امام حسینؑ نے اپنی جان اللہ کی رضا کے لیے قربان کی تاکہ انسانوں کو جہالت اور گمراہی سے نجات دلائی جا سکے۔ ان کا مقصد صرف سیاسی نہیں بلکہ روحانی اور فکری اصلاح بھی تھا۔
08:18 - 2025/08/16









آپ کا تبصرہ