حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بڈگام/ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر شریعت آباد یوسفؒ آباد بڈگام کے زیر اہتمام ڈب گاندر بل میں واقع آستان عالیہ شہید میر سید دانیالؒ کے مرقد شریف پر ایک عظیم الشان مجلسِ عزا منعقد ہوئی۔
اس مجلس کی صدارت معروف اسلامک اسکالر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی کشمیری نے کی۔ ابتدا میں شہدائے کربلا کو مرثیہ خوانی کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
مجلس میں وادی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مؤمنین و مؤمنات نے بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی اور امام حسینؑ و ان کے جانثار اصحاب کی عظیم قربانیوں کو یاد کیا۔
آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے اپنے خطاب میں شہید اور شہادت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ شہادت دراصل انسان کی معراج ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید وہ ہے جو حق کے لیے لڑتا ہے، دین کے لیے جیتا ہے اور دین کے لیے اپنی جان قربان کرتا ہے۔ شہادت موت نہیں بلکہ حیاتِ جاوید ہے، کیونکہ قرآن نے فرمایا ہے: 'اور جو اللہ کی راہ میں قتل کر دیے جائیں، انہیں مردہ نہ کہو، بلکہ وہ زندہ ہیں اور اپنے رب کے ہاں رزق پاتے ہیں۔
آغا صاحب نے کہا کہ شہادت انسانیت کی بیداری، ظلم کے خلاف قیام اور دین کی حفاظت کا نام ہے۔ کربلا کی سرزمین پر امام حسینؑ اور ان کے جانثاروں نے یہ ثابت کیا کہ خونِ شہید تلوار سے زیادہ طاقتور ہوتا ہے۔ شہید اپنی قربانی سے قوموں کو حیات بخشتا ہے اور یہ درس دیتا ہے کہ باطل کے سامنے سر جھکانا ذلت ہے، جبکہ حق کے لیے جان دینا عزت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید کی قربانی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ دنیا کی وقتی برائیاں، خواہشات اور لذتیں فانی ہیں، لیکن ایمان، حق اور قربانی ابدی ہیں۔ اسی لیے شہید کا خون ہر زمانے کے فتنوں اور برائیوں سے انسانیت کو محفوظ رکھتا ہے۔
آغا سید ہادی الموسوی الصفوی نے آخر میں کہا کہ ہمیں اپنی زندگی میں شہید کی سیرت اپنانی چاہیے، کیونکہ شہید مر کر بھی زندہ رہتا ہے اور امت کو جینے کا راستہ دکھاتا ہے۔









آپ کا تبصرہ