ہفتہ 7 جون 2025 - 01:48
یوم عرفہ، توبہ و استغفار کی قبولیت کا دن ہے جو حضرت آدمؑ کی مغفرت کی یاد دلاتا ہے: آغا سید حسن

حوزہ/ یوم عرفہ اور یوم شہادت حضرت مسلم ابن عقیلؑ کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیراہتمام وادی بھر میں خصوصی تقاریب کا انعقاد

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بڈگام / سرینگر، نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے نمائندۂ خاص برائے کوفہ، حضرت مسلم ابن عقیل علیہ السلام کی یوم شہادت اور یوم عرفہ کی مناسبت سے جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے مختلف علاقوں میں خصوصی مجالس عزا اور دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں۔

تصاویر دیکھیں:

سفیر حسین حضرت مسلم ابن عقیل ؑ کے یوم شہادت اور یوم عرفہ کی مناسبت سے جموں و کشمیر میں اجتماعات

اس سلسلے میں مرکزی اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام اور قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں منعقد ہوا، جہاں ہزاروں کی تعداد میں مؤمنین نے شرکت کی۔ دیگر مقامات جہاں مجالس و مرثیہ خوانی کا انعقاد کیا گیا، اُن میں امام باڑہ گامدو اور امام باڑہ بونہ محلہ نوگام بطور خاص قابل ذکر ہیں۔ ان مجالس میں دن بھر مرثیہ خوانی، نوحہ خوانی اور دعائے عرفہ کی روح پرور محافل کا اہتمام کیا گیا۔

مرکزی امام باڑہ بڈگام میں انجمن شرعی شیعیان کے صدر، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے نمازِ جمعہ کی پیشوائی کی اور حضرت مسلم ابن عقیلؑ کے مثالی کردار اور یوم عرفہ کی روحانی اہمیت پر بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ اسی طرح قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں حجۃ الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے جمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا۔

آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ یوم عرفہ، توبہ و استغفار کی قبولیت کا عظیم دن ہے، جو حضرت آدمؑ اور حضرت حواءؑ کے جنت سے نکالے جانے کے بعد ان کی وادی عرفات میں ملاقات کی یادگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی روز جناب آدمؑ کی توبہ، حضرت محمدؐ و آل محمدؑ کے وسیلے سے بارگاہِ خداوندی میں قبول ہوئی، جو اس دن کی معنویت اور روحانی عظمت کو دوچند کر دیتی ہے۔

حضرت مسلم ابن عقیلؑ کی شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ امام حسینؑ نے اپنے چچازاد بھائی کو کوفہ روانہ فرمایا تاکہ اہل کوفہ کی طرف سے موصول بیعت اور وفاداری کے ہزاروں خطوط کی حقیقت جان سکیں۔ لیکن یوم عرفہ کے دن ہی، یزیدی حکومت کے مظالم کے نتیجے میں حضرت مسلمؑ کو مسجد کوفہ کے بلند گنبد سے گرا کر شہید کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت مسلم ابن عقیلؑ کا سفارتی مشن اور ان کی دلدوز شہادت، نہ صرف کربلا کے عظیم معرکے کی تمہید ہے بلکہ سفارت کاری کی تاریخ کا ایک المناک باب بھی ہے۔

انجمن شرعی شیعیان کی جانب سے جاری ان تقریبات کا مقصد حضرت مسلم ابن عقیلؑ کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنا اور یوم عرفہ کی روحانی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا تاکہ مؤمنین اپنی زندگیوں میں توبہ، استغفار اور حق و وفا کی راہوں کو اپنا سکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha