حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولود کعبہ امیر المؤمنین حضرت علی ابن ابیطالبؑ کے یومِ ولادت باسعادت کے موقع پر جموں کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے مختلف مقامات پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
اس سلسلے کی مرکزی تقریبات چک باغ حضرت بل سرینگر، مرکزی امام باڑہ بڈگام اور باب العلم ہائر سکنڈری سکول بڈگام کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئیں، جن میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد کے علاوہ معلمین و منتظمین اور عوام نے شرکت کی۔
مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقدہ تقریب سے علمائے دین نے امام امیر المؤمنین علی علیہ السّلام کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کی وضاحت کی۔
انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے پیغام میں عالم اسلام کو امیر المؤمنین علی ابن ابیطالبؑ کے یومِ ولادتِ و باسعادت کی تہنیت پیش کرتے ہوئے عالم اسلام کی امن و سلامتی اور مسلمین عالم کے اخوت و اتحاد کے لئے دعا کی۔
سرینگر اور بڈگام میں جن علمائے کرام نے امیر المؤمنین حضرت علی علیہ السّلام کے مقام و منزلت کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی ان میں حجت الاسلام آغا مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے چک باغ حضرت بل میں جشنِ مولود کعبہ ؑ کی ایک پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولائے کائنات سے محبت و عقیدت کے تقاضوں سے مؤمنین کو آگاہ کیا اور کہا کہ مولا علی ؑ نے اسلام کی دعوت و ترویج میں رسول اکرم ؐ کے شانہ بشانہ ہر محاذ پر عظیم خدمات انجام دیں اور اسلام و پیغمبر اسلام کی نصرت و حمایت کے وہ سنگ میل طے کئے، جو تاریخ اسلام کے درخشان ابواب کی حیثیت رکھتے ہیں۔
اس ضمن میں جن علمائے دین نے مؤمنین کو ولادتِ باسعادت حضرت امیر المؤمنین علی علیہ السّلام کی مناسبت سے مستفید فرمایا، ان میں نمائندہ میر واعظ کشمیر مولانا سید شمس الرحمٰن، حجت السلام آغا سید محمد عقیل الموسوی، حجت السلام سید یوسف الموسوی، حجت السلام سید محمد حسین الموسوی، حجت السلام سید ارشد حسین الموسوی، حجت الاسلام مولوی نثار حسین صاحب، حجت السلام مولوی امتیاز حسین صاحب، حجت السلام سید حسین صاحب وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
آپ کا تبصرہ