اتوار 31 اگست 2025 - 00:04
ہر گھر میں دین کا علم رکھنے والا فرد ہونا ضروری ہے تاکہ معاشرہ جہالت سے محفوظ رہے: آغا سید محمد ہادی الموسوی

حوزہ/ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے زیر اہتمام دار العلیؒ میرگنڈ بڈگام میں آیت اللہ آغا سید یوسف الموسوی الصفوی النجفی کی 43ویں برسی پر مجلسِ عزاء منعقد ہوئی، جہاں علم کی فضیلت اور ہر گھر میں دین کا علم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر، شریعت آباد یوسفؒ آباد بڈگام کے اہتمام سے دار العلیؒ میرگنڈ بڈگام میں آیت اللہ آغا سید یوسفؒ الموسوی الصفوی النجفی کی 43ویں برسی کے موقع پر ایک عظیم الشان مجلسِ عزاء منعقد ہوئی۔ جسکی صدارت حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے کی۔ مجلس کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور مرثیہ خوانی سے ہوا۔

آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے اپنے خطاب میں حاضرين کو موعظہ حسنہ سے فیضیاب کیا اور علم و عالم کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ علم انسان کو کمال تک پہنچاتا ہے جبکہ جہالت اس کے زوال کا سبب بنتی ہے۔ ہر مسلمان مرد و عورت پر علم حاصل کرنا واجب ہے، کیونکہ علم وہ قیمتی سرمایہ ہے جس کے ذریعے معاشرہ اندھیروں سے نکل کر روشنی کی طرف بڑھتا ہے۔

انہوں نے آیت اللہ آغا سید یوسف الموسوی الصفوی النجفی کے قول کو نقل کرتے ہوئے فرمایا: "ہر گھر سے قالَ اللہ اور قالَ رسولُ اللہ بولنے والا نکلنا چاہیے"۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس سے مراد یہ ہے کہ علمِ دین کو مخصوص طبقات یا مدارس تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ہر خاندان میں ایسا فرد موجود ہو جو قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی کر سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دین کا علم عام کیا جائے اور ہر گھر میں ایک ایسا فرد ضرور ہو جو اللہ اور رسول ﷺ کی تعلیمات کو سمجھے اور دوسروں تک پہنچا سکے۔ اس طرح معاشرہ علمِ دین سے مزین ہوگا اور جہالت و گمراہی سے محفوظ رہے گا۔ یہ عمل اسلام کے اصل پیغام "تعلیم و تبلیغ" کو عام کرنے اور سنت نبویؐ و اہلبیتؑ کے طریقہ کار کے مطابق امتِ مسلمہ کی رہنمائی کے لیے ضروری ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha