حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر شریعت آباد یوسفؒ آباد بڈگام کے اہتمام سے اسکندر پورہ بیروہ (بڈگام) میں 28 صفر المظفر کی مناسبت سے ایک عظیم الشان مجلسِ عزاء منعقد ہوئی۔ اس مجلس کا انعقاد وفاتِ رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور شہادتِ سبط اکبر امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی یاد میں کیا گیا۔
اس اجتماع کی صدارت معروف اسلامی اسکالر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی کشمیری نے کی۔ حسبِ روایت مجلس کا آغاز مرثیہ خوانی سے ہوا جس کے بعد مومنین و مومنات نے بھرپور جوش و عقیدت کے ساتھ شرکت کر کے نبی اکرمؐ اور سبط رسولؐ کی بارگاہ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
خطاب کرتے ہوئے آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عرب کے معاشرے کو دو طرح کی جاہلیت سے نجات دلائی:
ظاہری جاہلیت یعنی معاشرتی برائیوں، غلط رسم و رواج اور ناانصافیوں سے پاکیزگی۔
باطنی جاہلیت یعنی دل کی کج فہمی، جہالت، تعصب اور گمراہی سے رہنمائی۔
انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات نے انسانیت کو علم، اخلاق اور عمل کی روشنی عطا کی، تاکہ معاشرہ ایک مضبوط اور بااخلاق نظام کی بنیاد پر پروان چڑھ سکے۔
آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں عوام بالخصوص نوجوانوں پر لازم ہے کہ وہ جدید جاہلیت کے اثرات سے بچنے کے لئے دنیاوی، دینی اور اخلاقی تعلیم کو فروغ دیں، تاکہ گھروں اور معاشرتی ماحول میں اچھے اخلاق کی تربیت ممکن ہو سکے اور نوجوان مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب رہیں۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ معاشرے میں مثبت کردار اور عملی نمونہ پیش کرنے کے ذریعے ہی ہم جدید جاہلیت کے منفی اثرات سے محفوظ رہ سکتے ہیں اور معاشرتی اقدار کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔









آپ کا تبصرہ