حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے اراکین و عاملین کا ایک اہم اور خصوصی اجلاس، گزشتہ دنوں صدرِ دفتر پر تنظیم کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی مناسبت سے منعقد ہونے والی ہفتہ وحدت کی تقریبات کے تمام تر انتظامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور انہیں حتمی شکل دی گئی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ہفتہ وحدت اتحادِ امت اور بھائی چارے کا ایک عظیم پیغام ہے جسے ہمیشہ زندہ رکھنے کی ضرورت ہے۔
انجمنِ شرعی شیعیان نے طے کیا کہ حسبِ عملِ قدیم ہفتہ وحدت کی تقریبات اس بار بھی اپنے مقررہ مقامات پر شایانِ شان طریقے سے انجام پذیر ہوں گی۔

اس موقع پر تنظیم کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہفتہ وحدت دراصل رسول اکرم (ص) کی ولادتِ باسعادت کے موقع پر اُمت مسلمہ کے درمیان اتحاد، اخوت اور دینی بیداری کا پیغام ہے۔ آج کے پرآشوب حالات میں امت کو سب سے زیادہ ضرورت اسی وحدت و یکجہتی کی ہے تاکہ اسلام دشمن طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انجمنِ شرعی شیعیان ہمیشہ سے اس بات پر زور دیتی آئی ہے کہ اتحادِ بین المسلمین ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے، اس لیے ہر فرد اور ہر طبقے کو ہفتہ وحدت کی تقریبات میں بھرپور شمولیت کرنی چاہیے۔

آغا سید حسن نے اس موقع پر یوم شہادت حضرت میر شمس الدین عراقی رحمۃ اللہ علیہ پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ بانیِ مکتبِ تشیع کشمیر تھے جنہوں نے اپنی جدوجہد اور تعلیمات کے ذریعے وادی میں دینِ مبین اسلام اور مکتبِ اہل بیتؑ کے پیغام کو عام کیا۔
آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مزید کہا کہ آج یکم ربیع الاول ہے جو تاریخ اسلام میں عظیم واقعہ لیلتہ المبیت (شبِ ہجرت) کی یاد دلاتا ہے، جس رات امام علی علیہ السلام نے پیغمبر اکرم (ص) کی جان بچانے کے لیے آپ ﷺ کے بستر پر سو کر اپنی جان کو قربان کرنے کے لیے پیش کر دیا۔ یہ عظیم قربانی تاریخِ اسلام میں ایثار و وفاداری کی سب سے روشن مثال ہے۔

اجلاس میں تنظیمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور تنظیمی نصب العین پر عملدرآمد میں درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے کئی عملی اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں شریک اراکین و عاملین نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ انجمنِ شرعی شیعیان اپنے ماضی کی روشن روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ملت کی خدمت اور اتحادِ امت کے فروغ کے مشن کو جاری رکھے گی۔










آپ کا تبصرہ