ہفتہ 29 مارچ 2025 - 06:52
یوم القدس قرآنی تعلیمات کے مطابق جہاد فی سبیل اللہ کی عملی مشق ہے، آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی

حوزہ/ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر شریعت آباد یوسفؒ آباد بڈگام کے زیر اہتمام عظیم الشان قدس ریلی کا انعقاد، مظلوموں کی حمایت کا عہد کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر، شریعت آباد یوسفؒ آباد بڈگام کے زیر اہتمام آج یوم القدس کی مناسبت سے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی کی قیادت رئیسِ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر، حجت الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے کی، جبکہ اس میں علمائے کرام، جن میں حجت الاسلام والمسلمین آغا سید محسن رضوی، حجت الاسلام والمسلمین مولانا عرفان اسحاق بٹ اور حجت الاسلام والمسلمین مولانا ولی محمد صاحبان شامل تھے، نے شرکت کی۔

اس عظیم اجتماع میں ہزاروں کی تعداد میں مومنین و مومنات نے شرکت کرکے دنیا کے مستضعفین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور مظلوموں کی حمایت کا عملی ثبوت پیش کیا۔

اس موقع پر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید محسن رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم القدس ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے اور مستضعفینِ جہاں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا دن ہے۔

ریلی کے اختتام پر رئیسِ انجمن شرعی شیعیان، ممتاز اسلامی اسکالر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم القدس دراصل قرآنی تعلیمات کے مطابق جہاد فی سبیل اللہ کی عملی مشق ہے، جو ہر باضمیر انسان کی دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha