پیر 28 جولائی 2025 - 23:22
نہضتِ زینبؑ بنی اُمیہ کی ظاہری فتح کو باطنی شکست میں بدلنے کا ذریعہ بنی: آغا سید محمد ہادی الموسوی

حوزہ/ آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے مجلسِ حسینی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہضتِ جناب زینبؑ نے بنی امیہ کی ظاہری فتح کو باطنی شکست میں بدل دیا اور کربلا کے پیغام کو دنیا تک پہنچایا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بڈگام/ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے زیر اہتمام شریعت آباد، یوسفؒ آباد بڈگام میں ایک عظیم الشان مجلسِ عزائے حسینی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزادارانِ امام حسین علیہ السلام نے شرکت کی اور شامِ غریباں میں اہل بیتؑ کے ورود پر اپنے عقیدے اور غم کا اظہار کیا۔

اس پُر سوز مجلس کی صدارت ممتاز اسلامی اسکالر، حجت الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے کی۔ مجلس کا آغاز صبح 9 بجے ہوا، جس میں انجمن شرعی شیعیان سے وابستہ معروف ذاکرین کرام نے مرثیہ خوانی اور مصائبِ اہل بیتؑ بیان کیے۔

دوپہر تین بجے جلوسِ شبیہِ ذوالجناح شریف برآمد ہوا، جس میں عزاداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور امام مظلومؑ کی یاد میں نوحہ و ماتم کیا۔

آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی نے اپنے خطاب میں نہضتِ جناب زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے فرمایا کہ نہضتِ زینبؑ کربلا کے بعد کی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے۔ یہ صرف ایک غمزدہ خاتون کا صبر نہیں بلکہ باطل کے مقابلے میں ایک عظیم قیادت کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جناب زینبؑ نے امام حسینؑ کی شہادت کے بعد جس بصیرت، شجاعت اور حکمت سے دینِ اسلام کی حفاظت کی، وہ اسلامی تاریخ میں بے مثال ہے۔ اگر جناب زینبؑ اور اسیرانِ کربلا کا پیغام امت تک نہ پہنچتا تو یزید اپنے ظلم کو چھپا لیتا اور واقعۂ کربلا ماضی کے اندھیروں میں دب جاتا۔

آغا صاحب نے مزید کہا کہ جناب زینبؑ کی اس تحریک نے بنی اُمیہ کی بظاہر فتح کو باطنی شکست میں تبدیل کر دیا، اور یہی بیداری کا نقطۂ آغاز ثابت ہوئی، جس نے ظلم کے خلاف آوازیں بلند کرنے کی راہ ہموار کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha