منگل 29 جولائی 2025 - 12:07
انڈیا ٹی وی کی رہبرِ انقلابِ اسلامی کی شان میں توہین؛ انجمنِ شرعی شیعیان کی شدید مذمت

حوزہ/انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر نے گودی میڈیا کے بعض چینلز کی رہبرِ انقلابِ اسلامی کی شان میں توہین آمیز رپورٹ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ناپاک کوشش صرف اور صرف دشمنانِ اسلام کے ایجنڈے کی تکمیل کا حصہ ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدرِ انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے انڈیا ٹی وی کے رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی امام سید علی حسینی خامنہ ای مدظلہ کی شان میں توہین آمیز اور شرانگیز عمل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناپاک کوشش صرف اور صرف دشمنان اسلام کے ایجنڈے کی تکمیل کا حصہ ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر جو فتنہ و فساد پھیلانا چاہتے ہیں، ان کے خلاف سخت عوامی اور قانونی مؤقف اپنایا جانا ضروری ہے۔

انجمنِ شرعی شیعیان ان میڈیا اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فی الفور معذرت خواہی کریں اور اس گستاخی کی کھلے الفاظ میں تردید کریں۔

صدرِ انجمن نے واضح کیا کہ اگر ان چینلز نے اپنی غلطی کا اعتراف نہ کیا تو انجمن پرامن احتجاج کا راستہ اختیار کرنے سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی اور اس احتجاج کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ میڈیا اداروں پر عائد ہوگی۔

انجمن نے ملت کے تمام باشعور افراد، علمائے کرام، دینی و سماجی تنظیموں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں خاموشی اختیار نہ کریں اور رہبرِ معظم کی حمایت میں بھرپور آواز بلند کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha