حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بڈگام/ انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر شریعت آباد یوسفؒ آباد بڈگام کے زیر اہتمام اور رئیس انجمن حجت الاسلام والمسلمین آغا سید محمد ہادی الموسوی الصفوی کی سرپرستی میں 25 محرم الحرام، یوم شہادت حضرت امام زین العابدین سید الساجدین علیہ السلام کی مناسبت سے وادی کے مختلف علاقوں میں مجالس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔
یہ مجالس سمبل سوناواری نوگام، وترونی بڈگام اور امامیہ پارک ڈونی پورہ جڑی بل سرینگر میں منعقد ہوئیں، جن میں ہزاروں عزادارانِ امام سجادؑ نے شرکت کر کے حضرتؑ کی بارگاہ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ان مجالس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز علمائے دین حجت الاسلام والمسلمین آغا سید محسن رضوی اور مولانا عرفان اسحاق نے وارثِ کربلا، حضرت امام زین العابدینؑ کی حیاتِ مبارکہ اور دینی و روحانی خدمات پر مفصل روشنی ڈالی۔
آغا سید محسن رضوی نے کہا کہ امام سجادؑ نے کربلا کے بعد دین اسلام کی اصل روح کو زندہ رکھا۔ یزیدی حکومت نے اہل بیتؑ کو مٹانے کی کوشش کی، لیکن امامؑ نے اپنی اسیری کے دوران خطبات اور دعاؤں کے ذریعے اسلام کی حقانیت کو دنیا کے سامنے واضح کیا۔ شام کے دربار میں امامؑ کا تاریخی خطبہ آج بھی سربلندیٔ اسلام کی روشن مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام سجادؑ نے دعا کو روحانی تربیت کا ذریعہ بنایا، کیونکہ اُس دور میں ظاہری تبلیغ ممکن نہ تھی۔ ان کی دعائیں آج بھی ظلم، جبر اور طاغوتی قوتوں کے خلاف شعور بیدار کرنے کا ذریعہ ہیں۔
مولانا عرفان اسحاق نے کہا کہ امام زین العابدینؑ کی شخصیت دینِ اسلام کے تحفظ اور ترویج میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کا صبر، عبادت اور حکمت سے لبریز طرزِ عمل ہر دور کے مسلمانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
ان مجالس عزاء میں مؤمنین نے گہرے عقیدت و احترام کے ساتھ امام سجادؑ کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کے نقشِ قدم پر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔









آپ کا تبصرہ