بدھ 9 جولائی 2025 - 06:28
پیغام کربلا کے فروغ میں اسیرانِ کربلا کا کردار بے مثال، آقا حسن صفوی موسوی

حوزہ/انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے تحت وادی بھر میں جاری مجالسِ عزاء اور جلوس ہائے عزاء کے سلسلے میں 12 ویں محرم کو بھی جلوس ہائے عزاء برآمد ہوئے، جن میں ہزاروں مؤمنین نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے تحت وادی بھر میں جاری مجالسِ عزاء اور جلوس ہائے عزاء کے سلسلے میں 12 ویں محرم کو بھی جلوس ہائے عزاء برآمد ہوئے، جن میں ہزاروں مؤمنین نے شرکت کی۔

لال بازار سرینگر میں جلوسِ علم شریف برآمد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔

چک باغ سدرہ بل سرینگر میں مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے شہدائے کربلا علیہم السلام کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پیغامِ کربلا کی تشہیر میں اسیرانِ کربلاؑ کے کردار و عمل کی وضاحت کی۔

آغا صاحب نے وہ پرسوز واقعات بیان کیے جو واقعۂ کربلا کے بعد اہلِ حرم کے ساتھ پیش آئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اسیرانِ کربلا شہدائے کربلاؑ کے مقدس خون کی زبان بن کر عاشورائے حسینیؑ کی ترجمانی کے لیے موجود نہ ہوتے تو تاریخ کی کتابوں میں آج شہادت امام حسینؑ کا تذکرہ موجود نہ ہوتا، بلکہ حق و باطل کے اس عظیم الشان معرکہ کو وقت کے حکمرانوں نے کوئی اور رخ دے دیا ہوتا۔

مولوی سٹاپ لال بازار میں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید مجتبیٰ عباس موسوی نے شہدائے کربلا اور اسیرانِ کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری ظالمانہ و سفاکانہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ ہے اور امتِ مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ فلسطینی عوام کی عملی حمایت کا راستہ اختیار کرے۔

مولانا مجتبیٰ نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وادی کشمیر میں جو عناصر شیعہ سنی اتحاد کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، وہ دراصل دشمنانِ دین و ملت کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، مگر انجمنِ شرعی شیعیان اور باشعور ملت اسلامیہ انہیں اپنے مذموم ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی طرف سے کوئی بھی اقدام شریعتِ اسلامی، دینی تشخص کے خلاف کیا جائے گا تو ہم اس کا ہر سطح پر بھرپور اور منظم مقابلہ کریں گے۔

جن مقامات پر علم شریف کے جلوس برآمد کیے گئے ان میں انجینئرنگ کالج تا محلہ چک سدرہ بل، قولی پورہ بمنہ، شولی پورہ بڈگام، ڈجی ملک گنڈ، نجلو بیروہ، ملہ محلہ بمنہ، ذالپورہ سوناواری، شگن پورہ، سونہ برن اندرکوٹ، اوڑینہ سوناواری، نوگام بالا، امام باڑہ لالہ حاجی اوڑینہ بانڈی پورہ، امام باڑہ ہری نارہ شامل ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha