بدھ 9 جولائی 2025 - 21:10
انجمنِ شرعی کے تحت 13 ویں محرم کا جلوس برآمد/یزید کا کردار و عمل؛ اسلام، شریعت اور انسانی بنیادی اصولوں اور اخلاقیات سے عاری تھا: آقا سید حسن صفوی

حوزہ/ انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے تحت 13ویں محرم الحرام کو بھی وادی بھر میں جلوس ہائے عزاء برآمد کیے گئے، جن میں عزاداروں نے جوق در جوق شرکت کرکے امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے تحت 13ویں محرم الحرام کو بھی وادی بھر میں جلوس ہائے عزاء برآمد کیے گئے، جن میں عزاداروں نے جوق در جوق شرکت کرکے امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

جن مقامات پر انجمنِ شرعی کے زیر اہتمام جلوس ہائے عزا برآمد کیے گئے، اُن میں مولہ شولہ بیروہ، کاکنمرن، آکرویل بڈگام، باغپورہ اوڑینہ، گنڈ نوگام، پیر محلہ زالپورہ، سونہ برن اندرکوٹ سوناواری بانڈی پورہ، کانلو پٹن، زاڈی محلہ دیورہ بارہمولہ وغیرہ شامل ہیں۔

امام باڑہ باغپورہ اوڑینہ سوناواری میں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے انجمنِ شرعی شیعیان کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے فلسفۂ شہادت و امامت کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ یزید کا کردار و عمل نہ صرف اسلام اور شریعتِ اسلامی کے منافی تھا، بلکہ انسانیت کے بنیادی اصولوں اور اخلاقیات سے بھی مطابقت نہیں رکھتا تھا۔ لہٰذا امام حسینؑ ایسے فاسق و فاجر کو بطورِ حکمران تسلیم نہیں کرسکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نواسۂ رسولؐ حضرت امام حسینؑ کو میدانِ کربلا میں بھوکا پیاسا رکھ کر جس بے دردی سے شہید کیا گیا، وہ ظلم و بربریت کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب ہے۔

مولانا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے قدیمی امام باڑہ کانلو پٹن میں مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام حسینؑ نے جس پامردی اور صبر سے میدانِ کربلا میں مصائب و مشکلات کا سامنا کیا، وہ حریت، جرأت، صبر و استقلال کی ایک لازوال مثال ہے۔ امام حسینؑ کا باطل کے سامنے کلمۂ حق بلند کرنا عالمِ انسانیت کے لیے ایک عظیم درس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہلِ بیتؑ کے ایثار و قربانی تاریخِ اسلام کا ایک ایسا درخشندہ باب ہے جو راہِ حق کے متلاشیوں، عشاقِ اہلِ بیتؑ اور حریت پسندوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha