حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان کے بیان کا متن مندرجہ ذیل ہے۔
بسم الله الرحمٰن الرحیم
متعصب اور فتنہ پرور گودی میڈیا خصوصاً ہندوستان ٹائمز اور انڈیا ٹی وی چینل نے مغربی اور استعماری میڈیا کے بے بنیاد اور من گھڑت چربے کے ذریعے آبروئے تشیع، مرد حق پرست و خدا شناس، رہبرِ معظم انقلاب آیت اللہ العظمٰی آقائے السید علی حسینی خامنہ ای دامت برکاتہ کی شان میں جو گستاخی کی ہے اور جو لب و لہجہ اختیار کیا ہے اس سے صرف شیعہ قوم ہی نہیں، بلکہ دنیا بھر کے مظلوموں، انصاف پسند اور با ضمیر افراد کو شدید تکلیف پہنچی ہے۔
رہبرِ معظم سو نہیں رہے ہیں، بلکہ ان کا واحد جرم یہ ہے کہ انہوں نے استعماری سازشوں کی شکار مظلوم اور خوابیدہ قوموں کو بیدار کر کے ان کے اندر اتنی جرأت و ہمت پیدا کر دی ہے کہ وہ قومیں مرعوب ہونے کے بجائے شرق و غرب عالم میں ان طاقتوں کو للکار رہی ہیں اور بیداری کا یہ سلسلہ روز بروز بڑھتا جا رہا ہے جس سے ظالموں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں اور شکست خوردہ عناصر اپنی رسوائی سے توجہ ہٹانے کے لیے کردار کشی پر اتر ائے ہیں۔
میڈیا کا فریضہ حقائق کو بیان کرنا اور صدیوں پر محیط تاریخی و ثقافتی رشتوں اور مشترک تہذیب کو پروان چڑھانا ہے نہ کہ شرانگیزی اور فتہ پروری کرنا ہے؛ اگر یہ سلسلہ یوں ہی جاری رہا تو گودی میڈیا اپنے ہی ہاتھوں بہت جلد اپنا بچا کھچا وقار بھی کھو دے گا۔
شیعہ علماء اسمبلی اس انتہائی نفرت انگیز اقدام کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور پر ایسے مواد کو ہٹایا جائے بصورتِ دیگر ہم قانونی کاروائی پر مجبور ہوں گے۔
تمام انصاف پسند اور باضمیر افراد خصوصاً علمائے اعلام، قوم کی سربرآوردہ شخصیات، اداروں، انجمنوں بالخصوص انجمن ہائے ماتمی سے گزارش ہے کہ وہ اس سلسلے میں مذمتی بیان جاری کریں اور بصورتِ ضرورت قانونی کاروائی بھی کریں، تاکہ شرپسندوں کے حوصلے پست ہو سکیں۔
والسّلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
سید جواد حیدر؛ شیعہ علماء اسمبلی ہندوستان









آپ کا تبصرہ