حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس علماء ہند شعبہ قم کے سربراہ مولانا سید احمد رضا رضوی زرارہ نے اپنے ایک سخت ردعمل میں انڈیا ٹی وی اور ہندوستان ٹائمز کی جانب سے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (مدظلہ العالی) کی شان میں گستاخی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مولانا زرارہ نے کہا کہ "ہندوستان ایک بار پھر شرمندگی سے دوچار ہوا ہے، اور اس بار اس رسوائی کا سبب کوئی اور نہیں بلکہ خود ہندوستان کا بکاؤ اور گودی میڈیا ہے، جو مکمل طور پر اسرائیل کا غلام بن چکا ہے۔ اگر اسرائیل حکم دے تو یہ میڈیا اپنی عزت و ناموس تک کو اس کے قدموں میں رکھ دے گا۔"
انہوں نے انڈیا ٹی وی اور ہندوستان ٹائمز کے گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا، "ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ میڈیا اسی کے پلیٹ فارم سے قوم سے معافی مانگے۔"
مولانا زرارہ نے مزید کہا کہ "رہبر معظم ایک روحانی و مذہبی پیشوا ہیں جنہیں نہ صرف قومِ شیعہ بلکہ پورا عالمِ اسلام عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان کی توہین درحقیقت پورے عالم اسلام کی توہین ہے۔"
اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے گودی میڈیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ "یہ جان لو! جو قوم سوتے ہوئے دنیا کو ہلا سکتی ہے، اگر بیدار ہو گئی تو تمہارے آقاؤں کو جہنم تک پہنچا دے گی۔"
انہوں نے حکومتِ ہند سے مطالبہ کیا کہ ان جیسے چینلز کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ ہندوستان کی اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دیرینہ دوستی پر کوئی حرف نہ آئے اور اس کی ساکھ متاثر نہ ہو۔









آپ کا تبصرہ