بدھ 30 جولائی 2025 - 17:44
آیۃ اللہ العظمٰی خامنہ ای کی شان میں صیہونیوں کی ہرزہ سرائی میدان جنگ میں ذلت آمیز پسپائی کی نشانی ہے: مولانا مظاہر حسین محمدی

حوزہ/مولانا مظاہر حسین محمدی پرنسپل مدرسہ باب العلم مبارک پور نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ بھارتی گودی میڈیا انڈیا ٹی وی اور ہندوستان ٹائمز وغیرہ کی اسرائیل نوازی ملک ہندوستان کے لیے شرم اور بدنامی کا باعث ہے، کہا کہ آیۃ الله العظمٰی خامنہ ای کی شان میں صیہونیوں کی ہرزہ سرائی میدان جنگ میں ذلت آمیز پسپائی کی نشانی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولانا مظاہر حسین محمدی پرنسپل مدرسہ باب العلم مبارک پور نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ ’’نہ اسے اونگھ آتی ہے اور نہ نیند‘‘یہ آیت، آیت الکرسی (سورہ البقرہ کی آیت 255) میں ہے، جو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور اس کی شان و شوکت کو بیان کرتی ہے۔اس آیت سے معلوم ہوا کہ نیند بھی ایک قسم کی موت ہے اور اللہ حی و قیوم ہے اس لیے وہ اونگھ اور نیند سے مبرا ہے۔یعنی زندگی اور استقامت کی راہ میں اونگھ اور نیندسستی اور کمزوری پیدا کرنے والی چیزیں ہیں ۔تو بالفرض گودی میڈیا کی خبروں کے مطابق۸۷ سالہ بزرگ مرجع تقلید رہبر معظم آیۃ اللہ سید علی حسینی خامنہ ای ’’نشہ کرتے ہیں اور پورا دن سوتے ہیں‘‘تو کیا کوئی کمانڈر نیند کی حالت میں اپنے ملک کے دفاع میں جنگی کمانڈ کرتا ہے؟

آیۃ اللہ خامنہ ای وہ بیدار رہبر ہیں جنھوں نے اسرائیلیوں اور امریکیوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔دنیا کی سوئی ہوئی قوموں کو جگادیا ہے۔بلا تشبیہ اگر خدا کو اونگھ اور نیند آتی تو کائنات کا نظام درہم برہم ہو جاتا ۔اوراگر آیۃ اللہ خامنہ ای دن بھر سوتے رہتے تو نام نہاد سپرپاور امریکہ اور غاصب اسرائیل جیسے ملک پر پہلی بارشاندار فتح کی تاریخ کیسے رقم کرتے۔ ایران کو اتنا ترقی یافتہ طاقتور ملک کیسے بناتے جو دنیا کی کسی طاقت نہیں ڈرتا بلکہ دنیا اس کے نام سے ڈرتی ہے۔

لہٰذا حوزہ علمیہ مدرسہ باب العلم مبارکپور ضلع اعظم گڑھ،اترپردیش (انڈیا ) کے جملہ اساتذہ و طلباء و اراکین کی جانب سے انڈیا ٹی وی اورہندستان ٹائمز سمیت بھارتی گودی میڈیا کی جانب سے آیۃ اللہ خامنہ ای مد ظلہ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کی سخت مذمت کی جاتی ہے۔بلا شبہ بھارتی گودی میڈیا انڈیا ٹی وی اور ہندوستان ٹائمز وغیرہ کی اسرائیل نوازی ملک ہندوستان کے لئے شرم اور بدنامی کی باعث ہے۔

حجۃ الاسلا م والمسلمین جناب مولانا مظاہر حسین محمدی پرنسپل حوزہ علمیہ مدرسہ باب العلم مبارکپور نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ آیۃ اللہ خامنہ ای کی شان میں صیہونیوں کی ہرزہ سرائی میدان جنگ میں ذلت آمیزپسپائی کی نشانی ہے۔ ایران بمقابلہ امریکہ و اسرائیل بارہ روزہ خوفناک جنگ میں ایران کی عظیم الشان اور تاریخی فتح سے ہواس باختہ ہو کر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد اور اس کے ایجنٹ بری طرح بوکھلائے اور پگلائے ہوئے ہیں اسی کا نتیجہ ہے اسرائیلیوں کی طرف سے یہ ہرزہ سرائی،افترا پردازی،بہتان تراشی،اور کذب بیانی کرنا۔اور ایسا کرنا یہودیوں کی پرانی عادت رہی ہے۔جب پیغمبر اسلام کے بارے میں تورات میں درج رسول خدا کے اوصاف حسنہ کو ان کے برعکس صفات جیسے خوبصورت کو بد صورت،حسن اخلاق کو بد اخلاق وغیرہ میں تحریف اور تبدیل کردیا تو ایسی بیہودی حرکت کرنے والوںسے ہم کو اچھے اخلاق اور انصاف کی توقع بھی نہیں کرنی چاہئے۔

یاد رہے کہ آیۃ اللہ خامنہ ای اس مذہب اہل بیت کے ماننے والے عظیم مذہبی رہنما ہیں جن کی صداقت کا کلمہ میدان مباہلہ میں نصارائے نجران نے پڑھا تھا اور کہا تھا کہ’’ اے جماعت نصاریٰ میں ایسے چہرے دیکھ رہا ہوں کہ اگر یہ لوگ اللہ تعالیٰ سے پہاڑ کو ہٹا دینے کی دعا کریں تو اللہ تعالیٰ پہاڑ کو اس جگہ سے ہٹا دے گا، اگر بد دعا کردیں تو یہ میدان آگ سے بھر جائے گا،تم ان سے مباہلہ نہ کرو ورنہ ہلاک ہو جاؤ گے اور قیامت تک روئے زمین پر کوئی نصرانی باقی نہ رہے گا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے رہبر معظم آیۃ اللہ خامنہ ای کی قیادت میں چودہ سوسال پرانے واقعہ مباہلہ اور خیبر کی امریکہ واسرائیل کو عملی جھلک دکھلادی ۔ہماری دعاء ہے کہ خداوند عالم آیۃ اللہ خامنہ ای کو طول عمر عنایت فرمائے، اسلامی جمہوری ایران کو ہر محاذ پر کامیابی و کامرانی عطاکرے ۔دنیا بھر میں خوف و دہشت ، جنگ و خوںریزی کے بجائے امن و آشتی کا ماحول پیدا کرے۔اور دنیا کا چپہ چپہ عدل و انصاف سے بھر دینے والے امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور پر نور میں تعجیل عطا فرمائے۔آمین۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha