حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ساؤتھ انڈیا شیعہ علماء کونسل کے صدر حجت الاسلام مولانا سید تقی رضا عابدی نے گودی میڈیا کی رہبرِ انقلابِ اسلامی کی توہین پر شدید ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن؛ رہبرِ انقلاب کی شخصیت کو مشکوک بنا کر تحریکِ مزاحمت کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج زر خرید اور بے ضمیر میڈیا آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے خلاف من گھڑت الزامات، بے بنیاد پروپیگنڈے اور بے ہودہ تبصرے پھیلا رہا ہے، وہ دراصل اس کی بوکھلاہٹ، بے یقینی اور ذہنی شکست کی علامت ہے۔ یہ شور و غوغا اُس سچائی کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے جو دنیا بھر کے باضمیر انسانوں پر روزِ روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ساری دنیا میں فلسطین کے مظلوموں کی حمایت ایک عالمی تحریک میں بدل چکی ہے اور اس حریت کی قیادت رہبر معظم آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہای کے ہاتھوں میں ہے تو ایسے میں دشمن عناصر کو یہی راستہ نظر آیا کہ عوام کے دلوں میں اس عظیم رہبر کی شخصیت کو مشکوک بنا کر تحریکِ مزاحمت کو کمزور کیا جائے۔
مولانا سید تقی رضا عابدی نے کہا کہ یہ کوئی نئی چال نہیں؛ ہر دور میں جب بھی حق و باطل کی جنگ نے شدت اختیار کی، باطل نے ہمیشہ کردار کشی، جھوٹے افواہوں، اور فکری حملوں کا سہارا لیا، لیکن وقت کا سب سے بڑا گواہ یہی ہے کہ رہبرِ معظم کی بصیرت، تقویٰ اور شجاعت نے عالمی استعمار کو لرزہ براندام کر کے رکھ دیا ہے اور یہی بات اُن قوتوں کو برداشت نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اس پروپیگنڈہ کا سب سے بڑا جواب خود عوام دے رہے ہیں، جن کے دلوں میں آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی محبت اور اعتماد پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔ اگر ان میڈیا اداروں نے اپنی روش نہ بدلی تو پھر ہم اپنے تمام تر وسائل اور توانائیوں کے ساتھ ان کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کریں گے اور اُن کی سازشوں کو عوامی بیداری کے ذریعے دفن کر دیں گے۔









آپ کا تبصرہ