حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جوادنقوی نے میڈیا کے ذریعہ شیعوں کے عظیم مرجع تقلید اور مذہبی رہنما آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے بارے میں فرضی اور پروپیگنڈہ خبریں نشر کرنے کے خلاف سخت قدم اٹھاتے ہوئے بھارت سرکار کے وزیر برائے اطلاعات و نشریات اشونی وشنو کو خط لکھ کر کاروائی کا مطالبہ کیا۔
مولانا کلب جواد نقوی نے وزیر برائے اطلاعات و نشریات کو مطلع کرتے ہوئے لکھاکہ ’ہمارے ملک کا میڈیا شیعوں کےعظیم رہنما آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے بارے میں ایسی بے بنیاد اور جھوٹی خبریں نشر کررہاہے جس سے ہمارے مذہبی جذبات مجروح ہورہے ہیں ۔آیت اللہ خامنہ ای نہ صرف ایران کے سپریم لیڈر ہیں بلکہ وہ شیعوں کے مرجع تقلید اور مذہبی رہنما بھی ہیں جن کے چاہنے والے اور پیروکار بھارت سمیت پوری دنیا میں موجود ہیں ،اس لئے ان کے بارے میں توہین آمیز خبریں نشر کرنا بھارت سمیت پور ی دنیا کے شیعوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہونچانے کے مترادف ہے ‘۔
انہوں نے لکھاکہ ’ایران و اسرائیل جنگ کے دوران بھی میڈیا نے فرضی اور جھوٹی خبریں نشر کیں اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے ۔ایران جو بھارت کا دیرینہ دوست ہے اور دونوں حکومتوں کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں جس کا احترام میڈیا کو بھی کرناچاہیے ۔ایسی غلط اور جھوٹی خبروں کی بناپر پوری دنیا میں بھارت کی بدنامی ہوتی ہے جس کو کنٹرول کرنا بھارت سرکار کی ذمہ داری ہے ۔
مولانا نے مزید لکھاکہ ’حال ہی میں’ انڈیا ٹی وی‘ اور ’ہندوستان ٹائمز ‘نے آیت اللہ خامنہ ای کے بارے میں جھوٹی اور پروپیگنڈہ خبر نشر کی کہ’ وہ نشہ کرتے ہیں اور پورا دن سوتے ہیں ‘جس نے تمام مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہونچائی ۔آپ سے گذارش ہے کہ ان کے خلاف بھارت کے آئین کے مطابق سخت کاروائی کی جائے اور میڈیا کے لئے ایک ہدایت نامہ جاری کیاجائے تاکہ وہ ایسی بے بنیاد اور جھوٹی خبریں نشر کرنے سے پرہیز کریں ۔
مولانا نے کہا کہ ’ہمارا قومی میڈیا اگر اسرائیلی نیوز ایجنسیوں پر اندھا اعتماد کرکے فرضی خبریں نشر کرتا رہےگا تو اس سے ملک کی بدنامی ہوگی ۔اس لئے آپ سے گذارش ہے کہ مذکورہ فرضی خبر چلانے کے متعلق انڈیا ٹی وی اور ہندوستان ٹائمز کے خلاف آئین کے مطابق سخت کاروائی کی جائے ۔‘
مولانا کلب جواد نقوی نے یہ خط بذریعہ ایمیل اطلاعات و نشریات کے وزیر جناب اشونی وشنو کے دفتر کو روانہ کیا ہے۔









آپ کا تبصرہ