ہفتہ 2 اگست 2025 - 09:12
میڈیا کے غیر ذمہ دار رویّے کی بنا پر ہندوستان کی عالمی ساکھ متاثر ہورہی ہے: مولانا کلب جواد نقوی

حوزہ/مجلسِ علمائے ہند کے جنرل سکریٹری نے ایک مرتبہ پھر گودی میڈیا کے توہین آمیز بیانات پر شدید ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کے غیر ذمہ دار رویّے کی بنا پر ہندوستان کی عالمی ساکھ متاثر ہورہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے رہبر انقلاب اسلامی کے خلاف میڈیا کے ذریعے جھوٹی اور پروپیگنڈہ خبریں پھیلانے اور ان کی کردار کشی کی ناکام کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان ہی نہیں دنیا کے بڑے معتبر سمجھے جانے والے صحافتی ادارے بھی فرضی اور پروپیگنڈہ خبریں نشر کرتے ہیں جس کی عالمی سطح پر مذمت ہونی چاہیے۔

مولانا نے کہا کہ آج میڈیا اتنے اعتماد کے ساتھ جھوٹ بولتا ہے کہ سننے اور دیکھنے والا یقین کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔

مولانا نے کہا کہ ہندوستان کا میڈیا رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای کے بارے میں جھوٹی اور پروپیگنڈہ خبریں نشر کررہا ہے جس کی شکایت ہم نے وزیر اطلاعات جناب اشونی وشنو سے کی ہے۔ وزیر اطلاعات کو چاہیے کہ میڈیا کے لئے رہنما ہدایات جاری کریں اور جھوٹی خبریں چلانے والے نیوز چینل اور اخبارات پر کاروائی کریں۔ میڈیا کا یہ غیر ذمہ دار رویہ عالمی سطح پر ہندوستان کی ساکھ کو متاثر کر رہا ہے اور جابجا ملک کی بدنامی ہورہی ہے، اس لئے میڈیا کی فرضی اور جھوٹی خبروں کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے۔

مولانا نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جیسا پروپیگنڈہ آج آیت اللہ خامنہ ای کے خلاف ہو رہا ہے ویسا ہی کل امام خمینیؒ کے خلاف ہوتا تھا۔ان کے بارے میں بھی عالمی میڈیا میں فرضی خبریں چلائی جاتی تھیں تاکہ انہیں بدنام کیا جاسکے، چونکہ آج میڈیا پر استعمار مسلط ہے اس لئے پروپیگنڈہ اور بے بنیاد خبریں جو استعماری نظام کے حق میں سود مند ہوتی ہیں، زیادہ نشر کی جارہی ہیں۔ ہندوستان کا میڈیا بھی استعماری نیوز ایجنسیوں کی زد میں ہے، بلکہ بعض بکے ہوئے ہیں اور بعض ان کے نظریاتی غلام ہیں اس لئے ان سے اس کے علاوہ کچھ اور توقع نہیں کی جاسکتی۔

مولانا نے کہا کہ جس طرح رہبر انقلاب اسلامی کے خلاف جھوٹی خبریں چلائی جارہی ہیں اور منفی پروپیگنڈہ ہو رہا ہے اسی طرح میرے خلاف بھی فرضی خبریں چلائی جاتی ہیں تاکہ عوام کی نگاہوں میں میرے اعتبار کو ساقط کیا جاسکے ۔

مولانا نے کہاکہ ہر کوئی ان خبروں پر یقین نہیں کرتا مگر بعض ایسے احمق ہوتے ہیں جو یقین کرلیتے ہیں، اس لئے اس پروپیگنڈے کے خلاف بولنا ضروری ہو جاتا ہے ۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha