حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمعِ علما و خطباء، حیدرآباد دکن نے ہندوستانی میڈیا کے بعض چینلز کی جانب سے رہبرِ انقلابِ اسلامی امام آیت اللہ سید علی خامنہای کے خلاف پھیلائی جانے والی جھوٹی، توہین آمیز اور غیر ذمہ دارانہ خبروں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مجمعِ علما و خطباء، حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ ایک مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی میڈیا کے بعض پلیٹ فارمز، بالخصوص ’’للّن ٹاپ‘‘ اور اسی نوعیت کے دیگر چینلز، رہبرِ انقلابِ اسلامی امام آیت اللہ سید علی خامنہای کے حوالے سے بے بنیاد، من گھڑت اور اشتعال انگیز رپورٹنگ کر رہے ہیں، جس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ بعض میڈیا چینلز کی جانب سے آیت اللہ سید علی خامنہای کے ایران چھوڑنے یا فرار ہونے سے متعلق جو دعوے پھیلائے جا رہے ہیں، وہ سراسر جھوٹ، بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔ مجمع کے مطابق یہ رپورٹس دراصل امریکی و صہیونی میڈیا کے منظم پروپیگنڈے کا تسلسل ہیں، جن کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور ایک مضبوط اسلامی قیادت کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔
مجمعِ علما و خطباء، حیدرآباد نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی غیر مصدقہ اور سنسنی خیز صحافت نہ صرف صحافتی اخلاقیات اور پیشہ ورانہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ سماجی ہم آہنگی، بین الاقوامی فہم اور باہمی اعتماد کو بھی شدید نقصان پہنچانے کا باعث بنتی ہے۔
بیان میں ہندوستانی میڈیا، بالخصوص باشعور اور ذمہ دار صحافیوں، مدیران اور اداروں سے پُرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی خبر کو نشر یا شائع کرنے سے قبل اس کی مکمل تحقیق اور تصدیق کو یقینی بنائیں اور صحافت کے بنیادی اخلاقی تقاضوں کی پابندی کریں۔
مجمعِ علما و خطباء، حیدرآباد نے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ بھی ہر اس کوشش کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا جو جھوٹ، فتنہ انگیزی اور منظم پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے اور حقائق کو مسخ کرنے کے لیے کی جائے۔









آپ کا تبصرہ