حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے جنرل سیکرٹری مولانا یعسوب عباس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے بعض اداروں کی جانب سے رہبرِ انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہای کی توہین کسی بھی صورت قابلِ برداشت نہیں ہے۔
مولانا یعسوب عباس نے کہا کہ چند نام نہاد الیکٹرانک چینلز مسلسل افواہوں پر مبنی اور گمراہ کن پیغامات نشر کر رہے ہیں، جن میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ نعوذباللہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہای ملک ایران کو ترک کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ “یا علیؑ کہنے والے میدان سے بھاگنے والے نہیں ہوتے، بلکہ بڑے بڑوں کو میدان چھوڑنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ایجنڈے پر کام کرنے والے بکے ہوئے میڈیا چینلز، بالخصوص ملک ہندوستان کے گودی میڈیا، جس انداز میں آیت اللہ خامنہای کے خلاف نازیبا اور توہین آمیز رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ آیت اللہ خامنہای ایک عظیم مذہبی رہنما اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ دینی شخصیت ہیں، اور کسی مذہبی رہنما کی اس طرح کردار کشی کرنا نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔
مولانا یعسوب عباس نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ محمد رضا شاہ پہلوی کے دورِ حکومت میں بھی دنیا بھر کی طاقتیں امام خمینیؒ کو ایران واپسی سے روکنے کی کوشش کر رہی تھیں اور یہ سمجھا جا رہا تھا کہ وہ ایران واپس نہیں آ سکیں گے، لیکن امام خمینیؒ ایران آئے اور مہرآباد ایئرپورٹ سے میدانِ آزادی تک پاسدارانِ انقلاب نے ان کی سواری کو اپنے کندھوں پر اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ آج آیت اللہ خامنہای کے ساتھ بھی یہی صورتحال ہے؛ پورا ایران ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں ملت تشیع ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
آخر میں مولانا یعسوب عباس نے کہا کہ چاہے وہ الیکٹرانک میڈیا ہو، پرنٹ میڈیا ہو یا گودی میڈیا، اس نوعیت کے بیانات اور پروپیگنڈے کی آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ بھرپور مخالفت کرتا ہے اور آئندہ بھی ایسی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کیا جائے گا۔









آپ کا تبصرہ