حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ماہِ ربیع الاول 1447ھ کی آمد پر چیئرمین جموں و کشمیر جعفریہ سپریم کونسل، سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے پوری امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مہینہ تاریخِ انسانیت کے سب سے عظیم واقعے، ولادتِ باسعادتِ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، کی یاد کا مہینہ ہے۔ یہ مہینہ برکتوں، رحمتوں اور نورانی خوشیوں کا خزانہ ہے، جو ہر مؤمن کو قلبی تزکیہ، روحانی ارتقاء اور سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ پر عمل پیرا ہونے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا پیغام یہ ہے کہ حقیقی کامیابی اور فلاح صرف عدل و انصاف کے قیام، مظلوم کی نصرت، اور باہمی اخوت و محبت کے فروغ میں ہے۔ یہی وہ اقدار ہیں جو انسان کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے قریب لے جاتی ہیں اور امت کو حقیقی وحدت عطا کرتی ہیں۔
چیئرمین جعفریہ سپریم کونسل نے تاکید کی کہ مسلمان اس مبارک مہینے کی محافلِ میلاد میں شوق و عقیدت کے ساتھ شریک ہوں، باہمی یگانگت کے رشتے مضبوط کریں، اور پوری دنیا کے مظلوموں کے لیے خلوصِ دل سے دعا کریں۔ بالخصوص فلسطین کے نہتے عوام، غزہ کے مظلوم شہریوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے محروم و محکوم عوام کے لیے دعائے نصرت امت کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی نصرت کے بغیر مظلوم کا حق قائم نہیں رہ سکتا، اس لیے دعا وہ چراغ ہے جو ظلمتوں کے اندھیروں کو منور کرتا ہے۔
عالمی حالات کی طرف توجہ دلاتے ہوئے سید زوار حسین نقوی نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو استعماری و استبدادی قوتوں کے زیر سایہ پنپنے والے ان عناصر سے خطرہ لاحق ہے جو مذہبی، نسلی اور لسانی بنیادوں پر علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کو فروغ دے کر مسلم معاشروں میں افراتفری پھیلا رہے ہیں۔ یہ عناصر دراصل امت کے امن، استحکام اور اخوت کے دشمن ہیں۔ مگر تاریخ گواہ ہے کہ جب امت متحد ہو کر قرآن و سنت کے پرچم تلے جمع ہوتی ہے تو دشمن کی ہر سازش ناکام ہو جاتی ہے۔
چیئرمین نے امت مسلمہ سے پرزور اپیل کی کہ وہ دل و دماغ کی پاکیزگی اور عملی اخلاص کے ساتھ عدل، محبت، امن اور اصلاحِ امت کے راستے پر گامزن ہو۔ یہی راستہ حقیقی برکتوں کا ضامن اور ہر عمل میں کامیابی کی ضمانت ہے۔
آخر میں سید زوار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے دعا کی کہ اللہ تبارک و تعالیٰ اس مبارک مہینے میں امتِ مسلمہ پر اپنی خصوصی رحمتیں نازل فرمائے، مظلوم مسلمانوں کی مدد فرمائے، دشمنانِ دین کی سازشوں کو ناکام کرے، امت کو راہِ عدل و انصاف پر ثابت قدم رکھے اور دنیا میں امن، استحکام اور حقیقی فلاح و بہبود قائم فرمائے۔









آپ کا تبصرہ