حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کی سپریم کونسل کے سیکریٹری، حجت الاسلام والمسلمین احمد فرخ فال نے کہا ہے کہ اسلام ناب محمدی آغاز سے ہی استکبار کے خلاف ہے اور ملت ایران کی عزت اسی میں ہے کہ وہ دشمن کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑی رہے۔
حجت الاسلام فرخ فال نے کہا کہ تاریخ اسلام میں یہ حقیقت نمایاں ہے کہ یہود اور عرب جاہلیت نے ہمیشہ قرآن اور اسلام ناب کے مقابلے میں سازشیں کیں کیونکہ اسلام نے نسل، قومیت اور رنگ کی برتری کو مسترد کر کے تقویٰ کو معیار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرمؐ نے حدیبیہ اور خیبر جیسے مواقع پر دشمنوں کی چالوں کو ناکام بنایا اور فرمایا کہ جو افراد صرف مفاد اور غنیمت کے لالچ میں ہیں، وہ امت کا حصہ نہیں بن سکتے۔
انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے بھی اسی حقیقت کو اجاگر کیا اور صہیونزم اور عالمی استکبار کو اسلام کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا، اور آج رہبر انقلاب اسلامی اسی راہ پر استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کے بقول، "ہمیں ادیان اور ان کے پیروکاروں سے دشمنی نہیں، بلکہ ہماری دشمنی استکبار اور صہیونزم سے ہے۔"
حجت الاسلام فرخ فال نے واقعہ خیبر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح امام علی علیہ السلام نے قدرتِ الٰہی سے قلعہ خیبر فتح کیا، اسی طرح امام خمینیؒ اور رہبر انقلاب نے ایمان اور توکل کی طاقت سے دشمن کے منصوبوں پر خط بطلان کھینچا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ایران کو کمزور اور تقسیم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے لیکن مشیت الٰہی اور ملت کی بیداری نے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا: "اسلام میں دشمن کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کی کوئی جگہ نہیں۔ ملت ایران کی عزت استقامت، مزاحمت اور حتیٰ کہ شہادت میں ہے۔ شہداء ہمارے مشعلِ ہدایت ہیں اور ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہر حال میں اسلام، ولایت اور نظام کے وفادار رہیں۔"









آپ کا تبصرہ