حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کے دارالحکومت صنعاء سمیت مختلف شہروں میں لاکھوں افراد نے فلسطین اور غزہ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالیں اور مصر و سعودی عرب کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کی حمایت پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ہفتہ وار عظیم الشان ملین مارچ میں یمنی عوام نے سبعین اسکوائر اور دیگر شہروں میں جمع ہو کر ایک بار پھر فلسطین، غزہ اور اسلامی مقدسات کے دفاع میں اپنی ثابت قدمی کا اعلان کیا۔ شرکاء نے دشمنانِ اسلام کی سازشوں کے خلاف جہاد، استقامت اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔
ریلیوں کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم کو صرف فلسطین کا مسئلہ نہ سمجھا جائے، بلکہ یہ پوری امت مسلمہ اور انسانیت کے لیے خطرہ ہے؛ اس خطرناک حکومت کو غیر مسلح کرنے کے لیے عملی اقدامات ہونے چاہئیں، تاکہ خطے میں امن و استحکام قائم ہوسکے۔
یمنی عوام نے لبنان اور فلسطین میں مزاحمتی قوتوں کو اسلحہ اور دفاعی وسائل فراہم کرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کو جنگی جرائم اور نسل کشی سے روکنے کا واحد حل مقاومت ہے۔
اعلامیے میں خبردار کیا گیا کہ اگر مزاحمتی قوتوں کی حمایت میں سستی برتی گئی تو امت مسلمہ کو بھاری نقصان اُٹھانا پڑے گا۔
مشترکہ اعلامیہ میں مصر اور سعودی عرب کی جانب سے صیہونی حکومت کے ساتھ گیس و تجارت سمیت ہر قسم کے تعاون کی بھی سخت مذمت کی گئی ہے اور کہا ہے کہ ایسے تمام ممالک جو اسرائیل کو اسلحہ، تجارتی اشیاء یا اقتصادی سہولیات فراہم کررہے ہیں، درحقیقت اسلام کے دشمن کا ساتھ دے رہے ہیں اور ان کا یہ رویہ ناقابلِ قبول ہے۔









آپ کا تبصرہ