پیر 4 اگست 2025 - 12:34
حرم امام رضا (ع) کے خادمین کی جانب سے کاظمین میں موکب کا اہتمام؛ روزانہ 2000 افراد میں طعام تقسیم ہوگا

حوزہ/ حضرت ابا عبد اللہ الحسین(ع) کے چاہنے والوں کے دل چہلم امام حسین(ع) پر جانے کے لیے تڑپ رہے ہیں؛ کربلا پر ختم ہونے والی تمام سڑکیں زائرین سے بھری نظر آتی ہیں، اس موقع پر حرم امام رضا(ع) کے کفشدار خادمین نے زائرین کی خدمت کے لیے کاظمین میں موکب کا اہتمام کیا ہے، جہاں وہ زائرین کو مختلف قسم کی خدمات فراہم کریں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم امام رضا(ع) میں کفشدار خادموں کی شفٹ کے انچارج جناب جعفر خیر زادہ نے آستانہ نیوز کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی چہلم امام حسین(ع) کی مناسبت سے عراق کے شہر کاظمین میں سید الشہداء حضرت امام حسین(ع) کے زائرین کو مختلف خدمات فراہم کرنے کے لئے موکب لگایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ کفشدار خادمین مولا رضا(ع) سے اذن لے کر ٹرین کے ذریعے عراق کی جانب روانہ ہو گئے ہیں ۔

انہوں نے مزید یہ بتایا کہ یہ موکب چھے اگست2025 سے دس دن کے لئے کاظمین میں باب علیؑ پر لگا رہے گا اور جس پر خادمین، زائرین کو مختلف خدمات فراہم کریں گے۔

جناب خیر زادہ نے بتایا کہ اس موکب پر روزانہ دو ہزار افراد کو ناشتہ اور چھے ہزار افراد کو دوپہر اور شام کا کھانا کھلایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے خادمین کے ہمراہ پچاس ایسے مرد خادم ہیں جو کئی برسوں سے حرم امام رضا(ع) میں کھانا بنا رہے ہیں اور اس کے علاوہ روٹیاں پکانے کے لئے خواتین بھی اعزازی طور پر ان خادموں کے ہمراہ ہیں۔

جناب خیر زادہ نے اپنی گفتگو کے آخر میں کہا کہ امید ہے کہ خادمین باہمی ہم آہنگی سے حضرت امام رضا(ع) اور امام حسین(ع) کی خوشنودی کے لئے خلوصِ دل کے ساتھ بے لوث خدمت کریں گے ۔

واضح رہے کہ ان خادمین کو الوداع کرنے کے لئے مشہد مقدس کے ریلوے اسٹیشن پر خصوصی الوداعی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha