منگل 29 جولائی 2025 - 12:05
امام حسینؑ نے اپنے مقدس لہو سے اسلام اور شریعتِ اسلامی کی حفاظت کی، آقا حسن صفوی

حوزہ/جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے زیرِ اہتمام آستان عالیہ میر سید شمس الدین اراکیؒ چاڈورہ میں سالانہ مجلسِ حسینیؑ کا انعقاد ہوا۔ صبح 8 بجے سے آستانہ عالیہ پر مرثیہ خوانی کا اہتمام رہا، جہاں دسیوں ہزار عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ عزاداروں نے نمازِ ظہرین صدرِ انجمنِ شرعی شیعیان کی اقتداء میں ادا کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے زیرِ اہتمام آستان عالیہ میر سید شمس الدین اراکیؒ چاڈورہ میں سالانہ مجلسِ حسینیؑ کا انعقاد ہوا۔ صبح 8 بجے سے آستانہ عالیہ پر مرثیہ خوانی کا اہتمام رہا، جہاں دسیوں ہزار عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ عزاداروں نے نمازِ ظہرین صدرِ انجمنِ شرعی شیعیان کی اقتداء میں ادا کی۔

اس موقع پر انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے شہادتِ عظمیٰ اور اسیرانِ شام کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔

آغا صاحب نے کہا کہ شہدائے کربلاؑ کے بعد اسیرانِ شام نے اسلام اور انسانیت کی سربلندی کے لیے عظیم قربانیاں پیش کر کے عزم و استقامت کی ایک تاریخ رقم کی۔ ان برگزیدہ شخصیات نے انسانیت سوز مظالم برداشت کیے، لیکن ظلم اور باطل کو رسوا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جگرگوشۂ بتولؑ حضرت امام حسینؑ نے اپنے مقدس لہو سے اسلام اور شریعت اسلامی کی حفاظت کی، جبکہ جناب حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا اور بیمارِ کربلاؑ کے خطبوں نے ایک ایسا لائحہ عمل مرتب کیا جو قیامت تک عزاداروں کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

آغا صاحب نے کہا کہ شہیدانِ کربلاؑ کو خراجِ عقیدت اور ان سے وابستگی کا سب سے بہترین مظاہرہ یہ ہے کہ ہم دین و شریعت کی پاسداری کریں اور ہر حال میں حدودِ الٰہی کا پاس و لحاظ رکھیں۔

آغا صاحب نے تنظیم کے اراکین و عاملین، زونل کمیٹی چھترگام، اہلیانِ چاڈورہ و چھترگام، مقامی آبادی اور ابنائے انجمنِ شرعی شیعیان کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان تمام رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے عزاداروں کے لیے مختلف خدمات میسر رکھیں اور نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے قابلِ تعریف کوششیں کیں۔

اس موقع پر یہ امر افسوسناک رہا کہ ضلع انتظامیہ کو مجلس سے کئی روز قبل پیشگی اطلاع فراہم کی گئی تھی، تاہم انتظامیہ کی جانب سے عزاداروں کی سہولت و سلامتی کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا گیا۔

مجلس کے دوران بجلی و پانی کی عدم دستیابی، دیگر سہولیات کا فقدان شدت سے محسوس کیا گیا۔

مولانا سید مجتبیٰ عباس الموسوی نے ضلع انتظامیہ کی بے حسی اور ناقص انتظامات پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے محکمہ بجلی و پانی اور دیگر متعلقہ دفاتر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے روایتی، غیر ذمہ دارانہ رویے نہ صرف عوامی مشکلات کا باعث بنتے ہیں، بلکہ عزاداری جیسے مقدس عمل میں رکاوٹ بھی پیدا کرتے ہیں، جو کہ ناقابلِ قبول ہے۔

مجلس میں شریک دسیوں ہزار عزاداروں نے بھی ضلع انتظامیہ کی اس غفلت اور بے حسی کے خلاف شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ آئندہ ایسی عظیم مجالس کے دوران مناسب سہولیات، سیکیورٹی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، تاکہ عزاداری کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha