ہفتہ 26 جولائی 2025 - 19:37
جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کا شیخ احمد شعبانی کی رحلت پر اہل کارگل سے اظہارِ تعزیت

حوزہ/ مقتدر عالم دین مولانا شیخ احمد شعبانی ساکن کرگل کے سانحۂ ارتحال پر، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے صدر آقا سید حسن موسوی الصفوی نے اظہارِ رنج و غم کرتے ہوئے مرحوم و مغفور کی دینی و تبلیغی خدمات کو خراجِ تحسین اور لواحقین و پسماندگان کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مقتدر عالم دین اور خطیب، حجت الاسلام و المسلمین شیخ احمد شعبانی ساکن کرگل کے سانحۂ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے پسماندگان، لواحقین اور شاگردوں کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کی ہے۔

انہوں نے مرحوم کی دینی، علمی اور تبلیغی خدمات کو شایانِ شان الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی دین مبین اسلام، شریعت محمدی اور مکتب اہل بیت کی خدمت، اشاعت اور ترویج میں صرف کی؛ ان کی خدمات ناقابلِ فراموش اور نسل نو کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

آغا صاحب نے مزید کہا کہ مرحوم شیخ احمد شعبانی ایک شریف النفس، بردبار اور سنجیدہ طبیعت کے حامل عالم و خطیب تھے، جن کی گفتگو میں اخلاص، فہم دین اور حکمت نمایاں تھی۔ ایک اہم عالم دین کی وفات امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم خسارہ ہے، جسے کبھی پورا نہیں کیا جا سکتا۔ پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفٰی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم نے علمائے دین کو بنی اسرائیل کے انبیاء علیہم السّلام سے افضل قرار دیا ہے، جس سے ان کی قدر و منزلت کا اندازہ ہوتا ہے۔

اس موقع پر آغا صاحب نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی اور سوگوار کنبے، متعلقین اور تمام عقیدت مندوں سے دلی تعزیت، تسلیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

آغا صاحب کی ہدایت پر انجمنِ شرعی شیعیان کی جانب سے حجۃ الاسلام شیخ محمد گلزار متو مرحوم کے اہل خانہ اور پسماندگان سے تعزیت کے لیے کرگل روانہ ہوئے، جہاں انہوں نے انجمن کی جانب سے تعزیتی پیغام پہنچایا اور مرحوم کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha