جمعرات 6 مارچ 2025 - 09:00
انجمنِ شرعی جموں وکشمیر کا بلتستان کے ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ غلام حسنین شعبانی نجفی کے سانحہء ارتحال پر تعزیتی پیغام

حوزہ/انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے صدر نے بلتستان کے ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ غلام حسنین شعبانی نجفی کے سانحہء ارتحال پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے اس عظیم فقدان پر اظہارِ رنج و غم کیا ہے اور ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بلتستان کے ممتاز عالم دین آیت اللہ شیخ غلام حسنین شعبانی نجفی کے سانحہء ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شیعیانِ عالم بالخصوص حضرت ولی عصر ارواحنافداہ، رہبر معظم امام خامنہ ای مد ظلہ العالی اور فقیہ عالی قدر آیت اللہ العظمٰی سید علی سیستانی کی خدمت میں ہدیہ تعزیت و تسلیت پیش کیا ہے۔

آغا صاحب نے مرحوم کی گرانقدر دینی و علمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ شیخ غلام حسنین شعبانی نجفی ایک جید عالمِ دین تھے جنہوں نے حوزہ علمیہ نجف اور حوزہ علمیہ قم میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور تدریس کے فرائض انجام دئیے اور بے شمار شاگردوں کی علمی و دینی تربیت کی۔ ان کی علمی بصیرت، وسعتِ نظر اور تدریسی مہارت علمی حلقوں میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ وہ نہ صرف ایک عالمِ باعمل تھے، بلکہ تبلیغِ دین اور اصلاحِ معاشرہ میں بھی ان کی گراں قدر خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں وکشمیر کے صدر آقا حسن نے مرحوم آیت اللہ شیخ حسنین کے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے مرحوم کے پسماندگان اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha