حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم کے مایہ ناز طالب علم اور ضلع سرینگر کے مراقب جناب اعجاز احمد ملک کو کشمیر یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی مکمل کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
آغا صاحب نے کہا کہ جناب اعجاز صاحب کی علمی محنت اور لگن نے انہیں اس بلند مقام تک پہنچایا، جو نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے، بلکہ پورے کشمیر کی علمی فضاء میں ایک نیا جوش و جذبہ پیدا کرنے کا باعث بنے گی۔
آغا صاحب نے اپنے بیان میں کہا کہ اعجاز صاحب کی اس کامیابی کے پیچھے والدین، حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم اور ان کی ذاتی محنت، تسلسل اور ایمانداری کا عمل دخل ہے، انہوں نے نہ صرف علمی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بلکہ اپنی ذمہ داریوں کو بھی شاندار طریقے سے نبھایا۔
آغا صاحب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ کامیابی اس بات کا غماز ہے کہ علم کا حصول اور اس پر محنت کا کوئی متبادل نہیں۔
آغا صاحب نے مزید کہا کہ جناب اعجاز احمد ملک کی اس کامیابی کا ایک اہم جزو حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم کے اساتذہ کرام کی رہنمائی اور محنت ہے، جنہوں نے انہیں دنیوی تعلیمات کے ساتھ ساتھ دینی علوم سے بھی آراستہ کیا، ان کی اس تدریسی کاوش کے نتیجے میں ملک صاحب نے نہ صرف دنیوی علم میں بلندی حاصل کی، بلکہ مولوی فاضل کرکے ایک بلند اسلامی اخلاقی معیار بھی قائم کیا۔
آغا صاحب نے اس موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالٰی ڈاکٹر ملک اعجاز صاحب کے علم و عمل میں مزید بلندی دے اور ان کی محنت کے ثمرات سے پورے معاشرے کو فیضیاب کرے۔ ان کی یہ کامیابی علمی دنیا میں کشمیر کی عظمت کو اجاگر کرنے کا باعث بنے گی۔
آپ کا تبصرہ