جمعہ 25 جولائی 2025 - 16:52
کارگل؛ عالم ربانی شیخ احمد شعبانی (رح) کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا

حوزہ/عالم ربانی شیخ احمد شعبانی (رح) کو اپنے آبائی گاؤں کرکت چھو کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا؛ تشییع جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں علماء اور مؤمنین نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ضلع کرگل ہندوستان کے معروف اور ممتاز عالم دین عالم ربانی مرحوم مغفور حجت الاسلام والمسلمين شیخ احمد شعبانی (رحمۃ اللہ علیہ) کو ان کے آبائی گاؤں کرکت چھو میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

مرحوم مغفور شیخ احمد شعبانی (رح) کی تشییع جنازے میں علماء اور مومنین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی، شیخ شعبانی کی رحلت کی خبر ملتے ہی علماء اور مؤمنین ہزاروں کی تعداد میں اثنا عشریہ چوک پر جمع ہوئے اور تشییع جنازہ میں شرکت کی۔

جمعیتِ العلماء اثنا عشریہ کرگل کے علمائے اعلام اور مؤمنین نے اپنے کندھوں پر مرحوم مغفور شیخ احمد شعبانی کے جسدِ خاکی کو احاطہ حوزہ علمیہ اثنا عشریہ کرگل میں پہنچایا، جہاں جمعیتِ العلماء اثنا عشریہ کرگل کے نائب صدر حجت الاسلام شیخ غلام علی مفیدی نے مرحوم مغفور شیخ احمد شعبانی کی نمازِ جنازہ پڑھائی۔

مرحوم مغفور حجت الاسلام والمسلمين شیخ احمد شعبانی ( رح) کی نمازِ جنازہ میں علماء اور مؤمنین کی کثیر تعداد کے علاوہ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر محمد جعفر آخوند، ہل کونسل کے ایکزیکٹیو کونسلر حجت الاسلام والمسلمين سید مجتبیٰ موسوی، مرحوم کے فرزند پروفیسر ناصر حسین شعبانی، اراکین جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل، حجت الاسلام شیخ ابراہیم خلیلی مرکزی امام جمعہ کرگل، حجت الاسلام شیخ حسین خان برامو امام جمعہ دراس، حجت الاسلام شیخ احمد ارمان امام جمعہ پشکم، حجت الاسلام والمسلمين شیخ علی نقی مبلغی امام جمعہ سنجک، حجت الاسلام شیخ صادق علی صادقی امام جمعہ یوربلتک صوت کے علاوہ دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کے فوراً بعد ایک مختصر مجلسِ عزاء کا انعقاد ہوا اور حجت الاسلام والمسلمين سید مجتبیٰ موسوی نے علماء کرام اور مؤمنین سے خطاب کیا۔

سید مجتبیٰ موسوی نے کہا کہ مرحوم مغفور شیخ احمد شعبانی (رح) کی دینی خدمات خواہ وہ کرگل میں بیٹھ کر کیں ہوں یا کرگل سے باہر ریاستِ مہاراشٹر کے شہر ممبئی میں اور ملک ہندوستان سے باہر تھائی لینڈ جیسے دور افتادہ ملک میں، مرحوم کی دینی اور سماجی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، بالخصوص جمعیتِ العلماء سے مرحوم کی وابستگی ہمیشہ رہی ہے اور اپنی طرف سے جمعیتِ العلماء اثنا عشریہ کرگل کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم و مغفور حجت الاسلام والمسلمين شیخ احمد شعبانی (رح) نے جمعیتِ العلماء اثنا عشریہ کرگل کے سابقہ صدر مرحوم مغفور حجت الاسلام والمسلمين شیخ احمد محمدی (رح) اور اس دور کے دیگر علمائے کرام کے ساتھ مل کر کرگل کے دینی اور سماجی شعبوں میں بہترین خدمات انجام دیں جو قابلِ ستائش ہیں۔

مجلسِ عزاء کے بعد مرحوم مغفور حجت الاسلام والمسلمين شیخ احمد شعبانی علیہ الرحمۃ کے جسدِ خاکی کو جلوس عزاء کی شکل میں احاطہ حوزہ علمیہ اثنا عشریہ سے اثنا عشریہ چوک اور مرکزی بازار سے ہوتے ہوئے چنگراہ بلتی بازار پہنچایا جہاں مرحوم مغفور کا عارضی مکان بھی ہے۔

حجت الاسلام ڈاکٹر شیخ باقر ناصرالدین نے وہاں مؤمنین سے خطاب کیا اور مرحوم و مغفور کی دینی خدمات کو یاد کیا اور خراجِ تحسین پیش کیا۔

چنگراہ کے مقام سے مرحوم و مغفور کے جسدِ خاکی کو گاڑیوں کے ساتھ ان کے أبائی گاؤں کرکت چھو کی طرف لے جایا گیا۔

مرکزی امام جمعہ کرگل حجت الاسلام والمسلمين شیخ ابراہیم خلیلی نے مرحوم کے گھر کے صحن میں نمازِ جنازہ پڑھائی اور رات ساڑھے دس بجے کے قریب مرحوم کو اپنے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha