پیر 5 جنوری 2026 - 17:26
اگر حضرت زینب (س) نہ ہوتیں تو پیغام کربلا، کربلا کی سرزمین تک محدود رہ جاتا

حوزہ/ عالمۂ غیر معلّمہ، ثانیٔ زہرا، شریکۃُ الحسین، دخترِ شیرِ خدا حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے یومِ وفات کی مناسبت سے انجمنِ شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام شگنپورہ بانڈی پورہ کشمیر میں ایک عظیم الشان اور پُراثر مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں مومنین اور عزادارانِ اہلِ بیت علیہم السلام نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عالمۂ غیر معلّمہ، ثانیٔ زہرا، شریکۃُ الحسین، دخترِ شیرِ خدا حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے یومِ وفات کی مناسبت سے انجمنِ شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام شگنپورہ بانڈی پورہ کشمیر میں ایک عظیم الشان اور پُراثر مجلسِ عزا منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں مومنین اور عزادارانِ اہلِ بیت علیہم السلام نے شرکت کی۔

مجلس سے انجمنِ شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی کے نمائندہ، حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے تفصیلی اور فکرانگیز خطاب کیا۔ انہوں نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف تابناک پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ واقعۂ کربلا کو تاریخ کے اوراق میں زندہ رکھنے اور اس کے آفاقی پیغامِ حق و صداقت کو نسل در نسل منتقل کرنے میں حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا کردار فیصلہ کن اور ناقابلِ فراموش ہے۔

آغا سید مجتبیٰ عباس نے کہا کہ اگر حضرت زینب سلام اللہ علیہا نہ ہوتیں تو بعید نہیں تھا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانی، ان کی فکر اور ان کا پیغام کربلا کی سرزمین تک محدود رہ جاتا اور یزیدی طاقتیں اپنے باطل عزائم میں کامیاب ہو جاتیں، مگر حضرت زینب سلام اللہ علیہا نے اسیری، ظلم اور جبر کے باوجود حق کی آواز کو ایوانوں تک پہنچا کر باطل کو ہمیشہ کے لیے رسوا کر دیا۔

انہوں نے موجودہ حالات کے تناظر میں زینبی کردار کو اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی حیاتِ مبارکہ امتِ مسلمہ کے لیے ایک دائمی درس ہے کہ حالات خواہ کتنے ہی سنگین، پیچیدہ اور نامساعد کیوں نہ ہوں، انسان کو حق، ذمہ داری اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں ذرہ برابر بھی کوتاہی نہیں برتنی چاہیے۔

مجلس کے اختتام پر حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی بارگاہ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور عالمِ اسلام، امتِ مسلمہ اور خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha