حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کربلائے معلٰی میں منعقدہ گیارہواں بین الاقوامی اربعین ایوارڈ منتخب فنکاروں اور میڈیا نمائندوں کے اعزاز کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، جس میں پیغامِ عاشورا کو عالمی سطح پر پہنچانے میں فن اور ذرائع ابلاغ کے کلیدی کردار پر زور دیا گیا۔
گیارہویں بین الاقوامی اربعین ایوارڈ کی اختتامی تقریب پیر کی شام 15 رجب 1447 کو کربلا میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل خانے میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ایران، عراق اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے علما، دانشوروں، فن اور میڈیا سے وابستہ شخصیات کے ساتھ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عراق میں رہبر معظم کے نمائندے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی نے حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی وفات پر تعزیت پیش کی اور کہا کہ ولایت سے وابستگی کا حقیقی درس حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت سے حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی اربعین ایوارڈ کو فن اور میڈیا کے ذریعے اربعین کے پیغام کو دنیا تک پہنچانے کی ایک مؤثر کوشش قرار دیا۔
ایران کے سفیر محمد کاظم آل صادق نے ایران اور عراق کے درمیان گہرے تاریخی و ثقافتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اربعین کے ایام اس برادرانہ رشتے کے اظہار کا روشن ترین موقع ہیں۔ کربلا کے گورنر نصیف الخطابی نے اربعین کو ایک عظیم، عالمی اور انسانی پیغام کا حامل اجتماع قرار دیا جو تمام آزاد انسانوں کے لیے پیغام رکھتا ہے۔
تقریب میں بتایا گیا کہ اس سال 47 ممالک سے 35 ہزار سے زائد تخلیقات موصول ہوئیں، جو عالمی سطح پر اربعین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی علامت ہیں۔ آخر میں بارہویں عالمی بین الاقوامی ایوارڈ کے پوسٹر کی رونمائی بھی کی گئی۔









آپ کا تبصرہ