جمعرات 18 دسمبر 2025 - 17:35
ایران میں مولانا سید کلب جواد نقوی کو امام خمینی ایوارڈ سے نوازا گیا

حوزہ/ مجلسِ علمائے ہند کے جنرل سیکریٹری حجۃالاسلام و المسلمین مولانا سید کلب جواد نقوی کو ہندوستان میں امام خمینیؒ کے افکار، نظریات اور مکتبِ امام خمینیؒ کی مؤثر ترویج و اشاعت کے اعتراف میں ایران میں پہلا بین الاقوامی امام خمینیؒ ایوارڈ عطا کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علمائے ہند کے جنرل سیکریٹری حجۃالاسلام و المسلمین مولانا سید کلب جواد نقوی کو ہندوستان میں امام خمینیؒ کے افکار، نظریات اور مکتبِ امام خمینیؒ کی مؤثر ترویج و اشاعت کے اعتراف میں ایران میں پہلا بین الاقوامی امام خمینیؒ ایوارڈ عطا کیا گیا۔

یہ اعزاز ایک پُروقار اور عظیم الشان تقریب کے دوران ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور امام خمینیؒ کے پوتے حجت الاسلام آقا سید حسن خمینی کے دستِ مبارک سے مولانا کلب جواد نقوی کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ایران کی ممتاز سیاسی و دینی شخصیات کے علاوہ رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ‌ای کے مشیر حجت الاسلام والمسلمین آیت اللہ محسن قمی بھی موجود تھے۔

تقریب میں مولانا کلب جواد نقوی کی اُن طویل اور مسلسل خدمات کو سراہا گیا جو انہوں نے ہندوستان میں امام خمینیؒ کے انقلابی افکار، اسلامی بیداری، وحدتِ امت اور استکبار مخالف نظریے کے فروغ کے لیے انجام دیں۔ مقررین نے کہا کہ مولانا کلب جواد نقوی مکتبِ امام خمینیؒ کے اُن نمایاں مبلغین میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے فکری، دینی اور سماجی میدان میں اس مکتب کو مؤثر انداز میں متعارف کرایا۔

ایوارڈ وصول کرنے کے بعد مولانا کلب جواد نقوی نے اپنے تاثرات میں رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ‌ای، ایران کی حکومت اور ایوارڈ سے وابستہ تمام ذمہ داران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز درحقیقت امام خمینیؒ کے افکار، انقلاب اسلامی کی روح اور مظلوموں کی حمایت کے عالمی پیغام کی تائید ہے۔

مولانا کلب جواد نقوی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ آئندہ بھی امام خمینیؒ کے فکری مشن، اسلامی اقدار اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے اپنی علمی اور سماجی جدوجہد کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ یہ ایوارڈ پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر اُن شخصیات کو دیا جا رہا ہے جنہوں نے دنیا کے مختلف خطوں میں مکتبِ امام خمینیؒ کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha