بدھ 4 جون 2025 - 22:00
امام خمینیؒ نے مکتبِ عاشورا، اسلامِ ناب اور فقہِ اسلامی کو زندہ کیا

حوزہ/ حضرت امام خمینیؒ کی 36 ویں برسی کے موقع پر، جموں وکشمیر کے ممتاز علمائے کرام نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام خمینیؒ نے مکتبِ عاشورا، اسلامِ ناب اور فقہِ اسلامی کو زندہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کی ریاست جموں و کشمیر کے ممتاز شیعہ عالم دین، حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید محمد ہادی اور حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید عابد حسین نے امام خمینیؒ کی 36ویں برسی کے موقع پر امام راحلؒ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام خمینیؒ نے مکتبِ عاشورا، خالص اسلامی تعلیمات اور فقہِ اسلامی کو زندہ کیا اور اپنے انقلابی قیادت سے دنیا کو اسلامِ ناب کی حقیقی روشنی دکھائی۔

مولانا سید محمد ہادی نے حسینیہ آیت اللہ سید یوسف کشمیر میں منعقدہ برسی کی مجلس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا کو مکتبِ عاشورا اور اسلامِ ناب کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ امام خمینیؒ نے اپنے حیات مبارکہ میں نہ صرف ان تعلیمات کو زندہ کیا بلکہ ایک ایسا نظام دنیا کے سامنے پیش کیا جو فقہ نبویؐ پر قائم ہے اور ایران میں متوازن سیاسی و سماجی ڈھانچے کے طور پر چار دہائیوں سے کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ نظام تشیع کے سیاسی نظریے کی عملی تصویر ہے، اس لیے ہمیں امام خمینیؒ جیسے عظیم رہنما کی فکر کو زندہ رکھنے کی ذمہ داری اٹھانی ہوگی۔ ہمیں دنیا کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی شکل میں ہم نے ایک ایسا نظام دیکھا ہے جو اسلام، نبی اکرمﷺ اور امیرالمومنینؑ کے اصولوں پر قائم ہے۔ امام خمینیؒ کے بقول: "ہمارا انقلاب نور کا ایک دھماکہ تھا"، اور آج یہی نور پوری دنیا کے مظلومین کے دلوں میں امید بن کر روشن ہو رہا ہے۔

دوسری طرف، مولانا سید عابد حسین نے گفتگو کے دوران کہا کہ کشمیر کے عوام کا امام خمینیؒ سے تعلق صرف انقلاب کے بعد کا نہیں بلکہ اس سے بھی پہلے کا ہے۔ جب امامؒ ابھی عالمی سطح پر معروف نہیں تھے، تب ہی کشمیر کے علما نے ان کی شخصیت و افکار سے لوگوں کو روشناس کرایا۔ مرحوم آیت اللہ سید یوسف نے پیرس سے امام خمینیؒ کو کشمیر آنے کی دعوت دی تھی، اور تب سے اہل کشمیر ان کے افکار کے پیروکار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ کشمیر میں ولایت فقیہ کا باضابطہ قانونی نفاذ نہیں، لیکن لوگوں کے دلوں میں ولی فقیہ کی محبت اور رہبری موجود ہے۔ کشمیری عوام سمجھتے ہیں کہ ولایت فقیہ ایک فقہی حقیقت ہے، جسے امام خمینیؒ نے عملی زندگی میں نافذ کر کے زندہ کیا، اور آج رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای دام ظلہ اسی مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

مولانا سید عابد حسین نے کہا کہ رہبر معظم صرف ایرانی عوام نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ اور مستضعفین عالم کے لیے سوچتے ہیں۔ ان کا ہر پیغام انسانیت کے لیے ہوتا ہے، اور اگر عالم اسلام ان کی قیادت کو پہچان لے، تو وہ بہت جلد بندگی خدا، اسلام کی فتح اور دنیا بھر کے مظلومین کی کامیابی جیسے اہداف کو حاصل کر سکتا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha