اتوار 27 جولائی 2025 - 23:01
رہبر انقلاب کے بیانات، مکتب امام خمینیؒ کی بہترین تبیین اور تفسیر ہیں

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی نے "مثلِ خمینیؒ" تربیتی کیمپ کے موقع پر اپنے پیغام میں قرآن کریم کی روشنی میں تربیتی اصولوں کی طرف اشارہ کیا اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے بیانات کو مکتب امام خمینیؒ کی بہترین توضیح و تشریح قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی نے "مثلِ خمینیؒ" تربیتی کیمپ کے موقع پر اپنے پیغام میں قرآن کریم کی روشنی میں تربیتی اصولوں کی طرف اشارہ کیا اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے بیانات کو مکتب امام خمینیؒ کی بہترین توضیح و تشریح قرار دیا۔

پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

سب سے پہلے ہم حالیہ مسلط کردہ جنگ کے شہداء، کمانڈروں، دانشوروں، مجاہدوں اور اپنے مظلوم ہم وطنوں کی یاد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے ایران اور اسلامی انقلاب کے دشمنوں کی نابودی اور ذلت کی دعا کرتے ہیں۔

قرآن کریم کے تربیتی اصولوں میں سے ایک یہ ہے کہ وہ مؤمنین کے لیے نمونہ اور اسوہ مقرر کرتا ہے تاکہ وہ ان کی فکری روش اور عملی سیرت کو پیشِ نظر رکھ کر سعادت و نجات کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔ یہ نمونہ اور اسوہ صرف انبیاء علیہم السلام تک محدود نہیں بلکہ اولیائے الٰہی اور مخلص بندگان خدا کو بھی شامل ہے، جیسا کہ قرآن کریم فرماتا ہے:

"لَقَدْ كَانَ لَكُمْ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ فِي إِبْرَاهِيمَ وَالَّذِينَ مَعَهُ"۔

یقیناً ہمارے زمانے کے ایک نمایاں اور روشن اسوہ، رہبر کبیر انقلاب امام خمینیؒ کی ذات گرامی ہے، جو اپنی فکری بنیادوں، نظریاتی نظام اور عملی سیرت میں ہمارے لیے ایک روشن نمونہ رہے ہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ امام خمینیؒ کے فقہی آراء، ان کا معاشرتی فہم، قرآن و سنت کی تفہیم، ان کا اخلاص اور ان کی اجتماعی جدوجہد کو بالخصوص نوجوان حوزوی طلاب کے لیے وضاحت سے بیان کیا جائے تاکہ ان کا راستہ فراموش نہ ہو اور نہ ہی کسی تحریف یا انحراف کا شکار ہو۔

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای، جو امام راحلؒ کے ممتاز شاگرد ہیں، ان کے بیانات مکتب خمینیؒ کی بہترین تبیین و تفسیر شمار ہوتے ہیں۔

یہ تربیتی کیمپ اور اس جیسے دیگر پروگرام ایسے قیمتی مواقع ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، ہذا اس کی قدر کرنا چاہیے۔

آخر میں اس تربیتی کیمپ کے تمام منتظمین اور شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں اور اور بارگاہ الہی میں دست بدعا ہوں کہ خداوند متعال امام راحلؒ کے درجات کو بلند فرمائے۔

قم - ناصر مکارم شیرازی

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha